Friday, May 17, 2024

زلمے خلیل زاد کی آرمی چیف سے ملاقات، خطے او رافغان صورتحال پر غور

زلمے خلیل زاد کی آرمی چیف سے ملاقات، خطے او رافغان صورتحال پر غور
December 13, 2019
راولپنڈی (92 نیوز)افغانستان کیلئے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے آرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ سے جی ایچ کیومیں ملاقات کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات میں امریکا کے پاکستان میں متعین امریکی ناظم الامور پال جونز بھی موجود تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق امریکی خصوصی نمائندے برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی جبکہ افغانستان میں جاری مفاہمتی عمل پر بھی خصوصی بات چیت ہوئی۔ اس سے قبل امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان شروع دن سے اس موقف پر قائم ہے کہ طاقت کا استعمال افغان مسئلے کا حل نہیں، ہمیں توقع ہے کہ امریکہ طالبان مذاکرات جلد بحال ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن واستحکام کا دارومدار، افغانستان میں قیام امن سے وابستہ ہے۔ پاکستان، مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا۔ ایمبیسڈر زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ کو افغان طالبان اور امریکا کے درمیان وفود کی سطح پر ہونیوالے مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ افغان امن عمل کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی ایمبیسڈر زلمے خلیل زاد نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔