Friday, May 17, 2024

زلمے خلیل زاد کا دورہ پاکستان، اعلامیہ جاری

زلمے خلیل زاد کا دورہ پاکستان، اعلامیہ جاری
April 30, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) افغان مفاہمتی عمل کیلئے  امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز کے دورہ پاکستان  سے  متعلق دفتر خارجہ نے اعلامیہ جاری کر دیا ، دونوں ممالک کا افغان مفاہمتی عمل اور باہمی تعلقات کے حوالے سے روابط جاری رکھنے پر اتفاق ہو گیا۔ دفتر خارجہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور امریکہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ، سیکرٹری خارجہ نے پرامن اور مستحکم افغانستان کیلئے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا ۔ زلمے خلیل زاد اور معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز پر مشتمل امریکی وفد نے پاک امریکا تعلقات اور افغان مفاہمتی عمل سے متعلق حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا ، پرامن افغانستان کیلئے  دوطرفہ قریبی رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ۔

کوشش ہے  جولائی سے پہلے طالبان سے امن معاہدہ ہو جائے ، زلمے خلیل زاد

اعلامیہ میں کہا گیا افغان مفاہمتی عمل حالیہ تاریخ کا اہم ترین موقع ہے  ، پاکستان نے انٹر افغان مذاکرات میں بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے تمام اسٹیک ہولڈرز اور ہمسایہ ممالک کو اہم ترین کردار ادا کرنا ہو گا ۔ اعلامیہ کے مطابق پاک امریکا مذاکرات میں دونوں ممالک کے مابین سیاسی، تجارتی اور سفارتی امور کا بھی جائزہ لیا گیا ، پاکستان نے معاشی و تجارتی تعاون کے فروغ کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری فریم ورک ایگریمنٹ کا قبل از وقت اجلاس بلانے کا مطالبہ بھی کیا ۔