Friday, April 19, 2024

زلمے خلیل زاد اور امریکی معاون وزیر خارجہ آج پاکستان آئینگے

زلمے خلیل زاد اور امریکی معاون وزیر خارجہ  آج پاکستان آئینگے
April 29, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز)امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد اور امریکی معاون وزیرخارجہ ایلس ویلز آج اسلام آباد پہنچیں گے۔ دفتر خارجہ کےترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نےبھی زلمے خلیل زاد اور ایلس ویلزکی اسلام آبادآمد کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نےبتایاکہ امریکی وفد دونوں ممالک کےدرمیان جاری مشاورتی عمل کے ضمن میں پاکستان پہنچ رہاہے۔ دونوں ممالک کےدرمیان دوطرفہ تعلقات اور افغان مفاہمتی عمل سےمتعلق بات چیت ہوگی۔

افغان سرحد کے بعد پاکستان کا ایران کی سرحد پر بھی باڑ لگانے کا اعلان

اس سے قبل امریکا، روس اور چین نے افغانستان کے ہمسائیہ ممالک سےاپیل کی تھی کہ وہ جنگ کے خاتمے کیلئےجاری مذاکراتی عمل کی حمایت کریں۔ اس سے قبل  پاکستان اور امریکہ کے مابین  افغان امن عمل پر 5 اپریل کو بھی مذاکرات ہو چکے ہیں ۔ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمی خلیل زاد وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے جہاں  انہوں نے  پاکستانی حکام کو اعتماد میں لیا اور سیکرٹری خارجہ اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔ اس کے بعد زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور افغان طالبان سے ہونے والے مذاکرات پر اعتماد میں لیا اور ملاقاتوں کو خوشگوار قرار دیا تھا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان فریقین کے مابین مذاکرات پر  پیشرفت کو سراہا اور واضح کیا کہ پاکستان، افغانستان میں سیاسی مصالحت کیلئے نیک نیتی سے تعاون جاری رکھے گا، افغان امن و استحکام، پاکستان سمیت پورے خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔