Thursday, April 18, 2024

زلزلے کے خطرے سے دوچار فالٹ لائنز کے اوپر واقع پاکستانی علاقے

زلزلے کے خطرے سے دوچار فالٹ لائنز کے اوپر واقع پاکستانی علاقے
October 27, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستان کے بہت سے علاقے زلزلے کے حوالے سے انتہائی خطرناک سمجھے جاتے ہیں۔ 92نیوز نے‘ ملک کے کون سے علاقے محفوظ اور کون سے فالٹ لائنز پر ہیں‘ کے حوالے سے یہ رپورٹ مرتب کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں جغرافیائی حدود کی وجہ سے ہمیشہ زلزلوں کا خطرہ موجود رہتا ہے کیونکہ اس کی زمین کی سطح کے نیچے ایسے غیر یکساں تہیں موجود ہیں جو آپس میں ٹکرائیں تو زمین لرز اٹھتی ہے اور یہ علاقہ زلزلے کی زد میں آ جاتا ہے۔ پاکستان میں جن علاقوں میں زلزلہ آنے کا سب سے زیادہ اندیشہ رہتا ہے وہ کوئٹہ سے افغانستان کی سرحد تک پھیلا ہوا علاقہ اور مکران کے ساحل کا علاقہ ہے جو ایرانی سرحد تک پھیلا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ کوہ ہندوکش میں بھی زلزلے کا خطرہ موجود رہتا ہے جو شمالی علاقہ جات اور صوبہ سرحد کو متاثر کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں کے نیچے سے گزرنے والی متحرک فالٹ لائنز کو دیکھتے ہوئے ملک کو زلزلے کے اعتبار سے انیس زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ انیس میں سے سات ایسے زون ہیں جہاں کسی بھی وقت زلزلے کے شدید جھٹکے آسکتے ہیں۔ سب سے زیادہ خطرناک زون میں شمالی علاقے، مکران، کوئٹہ ریجن اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے اکثر علاقے شامل ہیں۔ ان زونز میں آنے والے بڑے شہروں میں کراچی، پشاور، ایبٹ آباد، کوئٹہ، گلگت اور چترال شامل ہیں۔ کم خطرناک زون میں اسلام آباد اور سالٹ رینج کے علاقے آتے ہیں۔ پاکستان میں صرف بالائی سندھ اور وسطی پنجاب کے علاقے زلزلے کے خطرے سے محفوظ ہیں اور اس کے علاوہ تقریباً سارے ملک کے نیچے سے زلزلے کا باعث بننے والی فالٹ لائنز گزرتی ہیں۔