Thursday, April 18, 2024

زلزلے کے بعد پچاس آفٹرشاکس سے مکانوں میں دراڑیں‘ لوگوں میں خوف و ہراس

زلزلے کے بعد پچاس آفٹرشاکس سے مکانوں میں دراڑیں‘ لوگوں میں خوف و ہراس
October 28, 2015
اسلام آباد / پشاور (92نیوز) خیبرپختونخوا اوراسلام آباد کے کئی علاقوں میں آج بھی آفٹرشاکس کا سلسلہ جاری رہا۔ آج پندرہ آفٹرشاکس آئے جس کے بعد زلزلے کے بعد سے اب تک آفٹرشاکس کی تعدادپچاس ہو گئی۔ سب سے زیادہ شدت چار اعشاریہ چار رہی۔ لوگوں پرخوف طاری ہو گیا اوروہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔ آفٹرشاکس کی شدت کم ہونے سے کوئی جانی نقصان تو نہ ہوا لیکن کچے مکانوں میں دراڑیں پڑگئیں۔ تفصیلات کے مطابق سیلاب سے سنبھلے لوگوں کو اب زلزلے نے پھر ہلا کر رکھ دیا۔ آج بھی اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں آفٹر شاکس محسوس کئے گئے جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ دوسری جانب این ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے سے خیبرپختونخوا میں جاں بحق افراد کی تعداد 208 ہو گئی جبکہ 1697 افراد زخمی ہوئے۔ خیبرپختونخوامیں زلزلے سے 8 ہزار 453 مکانوں کو نقصان پہنچا۔ فاٹا میں زلزلے سے تیس افراد جاں بحق ہوئے جبکہ زخمیوں کی تعداد 59 ہے یہاں 300 مکان تباہ ہو گئے۔ گلگت بلتستان میں زلزلے سے10ا فراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے۔ آزادکشمیرمیں زلزلے سے2 افراد جاں بحق، 12زخمی ہیں۔ مجموعی طور پر زلزلے سے ملک بھر میں 9 ہزار 209 مکانوں کو نقصان پہنچا۔ اسی طرح پنجاب میں پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ زخمیوں کی تعداد 78 ہے۔ صوبے میں 60مکانوں کو نقصان پہنچا ۔ این ڈی ایم نے 255افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔