Sunday, May 12, 2024

زلزلے سے متاثرہ جاتلاں کے نواحی گاؤں کے مکین امدادی ٹیموں کے منتظر

زلزلے سے متاثرہ جاتلاں کے نواحی گاؤں کے مکین امدادی ٹیموں کے منتظر
September 26, 2019
 میرپور (92 نیوز) زلزلے سے متاثرہ جاتلاں کے نواحی گاؤں ابدوپور کے مکین تیسرے روز بھی امدادی ٹیموں کے منتظر ہیں۔ میرپور آزاد کشمیر میں ہولناک زلزلے سے جہاں غریبوں  کے آشیانے  لمحوں میں ملبے کا ڈھیربن گئے وہیں دور دراز علاقوں میں امدادی ٹیمیں نہ پہنچنے سے مشکلات مزید بڑھ گئیں۔ گاؤں میں زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ دیواریں ،چھتیں گرنے سے بڑوں کے ساتھ بچے بھی ملبے تلے دبے تو امداد کے لیے کوئی ٹیم نہ پہنچ سکی۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے پیاروں کو اینٹوں اور پتھروں کےڈھیروں  سے نکالا۔ زلزلے سے متاثر ہونے والے ایک ایسے ہی گھر میں 14 سالہ بچی کام کاج میں مصروف تھی کہ اچانک  زمین کانپنے لگی۔ بچی سنبھلنے ہی نہ پائی تھی کہ دیوارکا ملبہ اوپر آگرا۔ بچی کئی گھنٹے تک ملبے تلے دبی رہی۔ اہلخانہ نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کیا۔ تاحال اسپتال منتقل نہ کیا جا سکا۔ بے سروسامانی کے عالم  میں پڑے گاؤں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں اب تک کسی قسم کی کوئی امداد نہیں ملی ۔