Wednesday, May 15, 2024

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا آن لائن کلاسز کے باوجود پوری فیس کا مطالبہ

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا آن لائن کلاسز کے باوجود پوری فیس کا مطالبہ
September 20, 2020

فیصل آباد (92 نیوز) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے آن لائن کلاسز کے باوجود پوری فیس کا مطالبہ کر ڈالا جس پہ جامعہ کے طلبہ نے انتظامیہ کے خلاف حکمت عملی مرتب کرنا شروع کر دی۔

آن لائن کلاسزکے باوجود بھی رزعی یونیورسٹی نے طلباء سے ٹرانسپورٹ، لائبریری، اسپورٹس، سمیت دیگر فنڈز سمیت پوری فیس طلب کرلی جس پر طلباء انتظامیہ کے خلاف پھٹ پڑے اور مطالبہ کیاکہ جب طلباء نے یونیورسٹی میں ہی نہیں آنا تو صرف آن لائن کلاسز کی مد میں صرف ٹیوشن فیس ہی وصول کی جائے۔

حکومتی اعلان کے مطابق یونیورسٹی میں انٹر، گریجویشن، ماسٹرزلیول کے تمام کورسز سمیت ایم فل کے تھرڈ سمسٹر کے علاوہ تمام کلاسز آن لائن لی جائیں گی۔

یونیورسٹی انتظامیہ کہتی ہے کہ کورونا وباء کی وجہ سے پہلے ہی فنڈز ناپید رہے، لہٰذا سینڈیکیٹ میٹنگ میں اس مسئلے کو زیر غور لایا جائے گا۔

طلباء کہتے ہیں پہلے اقساط میں فیس ادائیگی روکی اوراب اضافی فیس طلب کرنا ان کی مشکلات بڑھانے کے مترادف ہوگا۔

پہلے آن لائن کلاسز میں درپیش مسائل، اوراب دوسری جانب پوری فیس کا مطالبہ، ایسے میں ریلیف کی منتظر طلبہ کی آنکھیں متعلقہ حکام پر ٹکی ہوئی ہیں۔