Tuesday, April 16, 2024

زرداری کے پروڈکشن آرڈر کے بغیر بجٹ تقریر کرنے پر پیپلزپارٹی شہباز شریف سے ناراض

زرداری کے پروڈکشن آرڈر کے بغیر بجٹ تقریر کرنے پر پیپلزپارٹی شہباز شریف سے ناراض
June 18, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) شہباز شریف کی قومی اسمبلی میں آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کے بغیر بجٹ تقریر کرنے پر پیپلزپارٹی کی سینئر قیادت ناراض ہو گئی، موقف اپنایا کہ  جب تک پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہوتے تقریر نہیں کرنا چاہئے تھی، اہم خبر روزنامہ نائنٹی ٹو نیوز کے آج کے شمارے میں شامل ہے۔ ایک طرف پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن میں قربتیں بڑھانے کے لئے سینئر قیادت کی ملاقاتیں جاری ہیں  تو دوسری جانب اپوزیشن لیڈر کی قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر پر پیپلزپارٹی کی قیادت نالاں ہے،ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں محبت کی پینگیں شروع ہوتے ہی اختلافات پیدا ہونا شروع ہو گئے۔ قومی اسمبلی میں شہباز شریف کی آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کے بغیر بجٹ تقریر پر پی پی ناراض ہو گئی،شہباز شریف کی تقریر کے دوران راجہ پرویز اشرف اور دیگر رہنما برملا کہتے رہے کہ تقریر سے پہلے مطالبہ پورا ہونے دیں۔ اپوزیشن لیڈر نےتقریر شروع کی تو پی پی نہ صرف نالاں ہوئی بلکہ شہباز شریف کو سب سے بڑی رکاوٹ کا پیغام بھی دیدیا،پی پی رہنماؤں نے شکوہ کیا کہ تقریر میں زرداری پروڈکشن آرڈر کی بات کم اپنے دور حکومت کی تعریف زیادہ تھی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی جانب سے گلہ پہنچایا گیا کہ لگتا ہے شہباز شریف بھی مینج ہو گئے ہیں اور کسی اور گیم میں ہیں،پی پی کے اہم رہنماؤں نے شکوہ کیا کہ اگر آئندہ اجلاس میں مطالبہ پورا نہ ہوا تو وہ علیحدہ لائحہ عمل بنائیں گے۔ دوسری جانب اہم لیگی رہنماؤں نے شہباز شریف سے خود بات کر کے پیپلزپارٹی کا گلہ دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔