Friday, March 29, 2024

زرداری کی گرفتاری کیخلاف جیالوں کا ملک بھر میں احتجاج، حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی

زرداری کی گرفتاری کیخلاف جیالوں کا ملک بھر میں احتجاج، حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی
June 11, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) سابقہ صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری کی گرفتاری کیخلاف جیالے ملک بھر میں سڑکوں پر نکل آئے، شدید احتجاج کیا اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ سے آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت مسترد ہونے کی خبر آئی تو پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے احتجاج شروع کردیا۔لاہور میں کارکنوں نے ٹائر جلا کر فیروزپور روڈ بلاک کر دی اور نیب اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔ کئی علاقوں میں ڈنڈا بردار کارکنوں نے زبردستی دکانیں بند کرا دیں۔پیپلز پارٹی سندھ نے کل یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا۔ کراچی میں کارکن پریس کلب کے باہر جمع ہوئے اور آصف زرداری کے حق میں نعرے بازی کی۔سکھر میں آصف زرداری کی گرفتاری کیخلاف جیالے مشتعل ہوگئے۔جیالوں کا ڈنڈا بردار جلوس بازاروں میں پہنچا اور زبردستی مارکیٹ بند کرانا شروع کر دی۔ لاڑکانہ میں کینڈی مارکیٹ سے پیپلز پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد باہر نکلی اور احتجاجا شہر بند کرانا شروع کردیا۔اس موقع پر ہوائی فائرنگ کی آواز بھی سنی گئی۔ حیدرآباد میں کارکنوں نے ٹائر نذرآتش کرکے سڑک بلاک کردی اور حکومت اور نیب کے خلاف نعرے بازی کی۔ ٹنڈو الہ یار،نوابشاہ،ٹنڈو محمد خان،دادو،سانگھڑ اور ٹھٹھہ میں کارکنوں نے اپنے قائد کی گرفتاری کیخلاف احتجاج کیا۔ اسکردو میں بھی مظاہرین کی بڑی تعداد باہر نکلی اور آصف زرداری کے حق میں نعرے بازی کی۔ادھر کو چیئرمین کی گرفتاری کیخلاف پیپلزپارٹی سندھ نے کل یوم سیاہ منانےکا اعلان کردیا ہے۔
نیب نے آصف علی زرداری کو گرفتار کرلیا
 قبل ازیں نیب نے آصف علی زرداری کو  ان کے گھر سے گرفتار کرلیا ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سابق صدر آصف زرداری  کی عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے  اور گرفتاری کی اجازت ملنے کے بعد نیب کی ٹیم زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچی جہاں سے  سابق صدر آصف علی زرداری کو گرفتار کر کے  نیب آفس میں منتقل کر دیا گیا۔ نیب کی ٹیمیں سابق صدر کی گرفتاری کے لئے نیب ہاؤس پہنچیں جہاں سکیورٹی اہلکاروں نے مزاحمت کی ، بعد ازاں پیپلزپارٹی کے رہنما مصطفی نواز کھوکھر نیب ٹیموں کو اندر لے گئے ۔ نیب کو گرفتاری دینے سے قبل جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے جب  آصف زرداری  نے اپنی صاحبزادی آصفہ زرداری کو گلے  لگا کر  پیار کیا ۔ بلاول بھٹو اور آصفہ ، آصف زرداری کو  نیب کی گاڑی تک چھوڑنے آئے جب کہ  گاڑی میں سوار ہونے کے بعد بلاول بھٹو نے اپنےو الد کے  رخسار پر بوسہ دیا۔