Friday, March 29, 2024

زرداری کی پی ڈی ایم اجلاس میں ناراضگی اور لانگ مارچ ملتوی ہونیکی اندرونی کہانی سامنے آگئی

زرداری کی پی ڈی ایم اجلاس میں ناراضگی اور لانگ مارچ ملتوی ہونیکی اندرونی کہانی سامنے آگئی
March 18, 2021

لاہور (92 نیوز) آصف زرداری کی پی ڈی ایم اجلاس میں ناراضگی کی وجہ اور لانگ مارچ ملتوی ہونے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ 

آصف علی زرداری کس بات پر ناراض ہوئے؟ نواز شریف کی واپسی کا مطالبہ کیوں کیا اورپی ڈی ایم کو لانگ مارچ کیوں ملتوی کرنا پڑا؟۔ پی ڈی ایم اجلاس میں کھٹائی کی اندرونی کہانی 92 نیوز سامنے لے آیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں تلخی مولانا کی وجہ سے نہیں بلکہ نواز شریف کی وجہ سے ہوئی، نواز شریف نے اجلاس میں فوری استعفے دینے کی بات کی بلکہ ان کا کہنا تھا کہ نو جماعتیں ایک طرف ہیں اور پیپلزپارٹی ایک طرف۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف نے جب کہا کہ ساتھ نہیں دینا تو یہ اپنی راہیں جدا کرسکتے جس پر زرداری غصے میں آگئے، آصف زرداری نے کہا کہ ایک تو پیپلزپارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا دوسرا ہمیں راہیں جدا کرنے کا کہا جارہا ہے جو ہو بھی سکتی ہیں۔

زرداری کا مؤقف تھا کہ اگر انقلابی بننا ہے، استعفے دینے ہیں تو میاں صاحب آپ بھی واپس آجائیں ہم استعفے آپکو دے دیں گے۔

آصف زرداری نے مولانا اور میاں نوازشریف سے سوال کیا کہ استعفے دے دیں گے تو کیا ہوگا؟ جب آصف زرداری نے پوچھا کہ لانگ مارچ کی تیاریاں کیسی ہیں تو مولانا نے جواب دیا بس ہو جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ زرداری نے کہا کہ ہم تو تیاریاں کر رہے ہیں لیکن ن لیگ اور جے یو آئی کی کوئی تیاری نظر نہیں آ رہی۔

آصف زرداری نے مولانا سے کہا کہ آپ نے خود ایک دن قبل اپنی پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں یہ کہا ہے کہ لانگ مارچ ابھی نہیں ہو سکتا۔

ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری نے کہا کہ لوگوں کو موبلائز کیے بغیر لانگ مارچ کا کیا اثر ہوگا الٹا لوگ ہم پر ہنسیں گے، تیاری آپ کی نہیں، استعفوں کی آڑ لے کر بندوق ہمارے کندھے پر رکھ کر مت چلائیں۔

ذرائع کے مطابق مولانافضل الرحمان نے اجلاس سے دو دن قبل استعفوں کو لانگ مارچ سے مشروط کیا تھا اور پیپلزپارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔