Thursday, April 25, 2024

زرداری خاندان کی اچانک بیرون ملک یا ترا سے پارٹی کی سینئر لیڈر شپ بھی ناخوش

زرداری خاندان کی اچانک بیرون ملک یا ترا سے پارٹی کی سینئر لیڈر شپ بھی ناخوش
June 26, 2015
  اسلام آباد(92نیوز)پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ اور زرداری خاندان کی اچانک بیرون ملک یاترا سے پارٹی کی سینئرقیادت نے ناراضی کا اظہار کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق  پیپلزپارٹی کا شاہی خاندان اچانک ملک چھوڑ گیا،کارکنوں کے ساتھ ساتھ ملک کے اندر موجود قیادت بھی حیران ہے کہ کسی کو بتائے بغیر زرداری فیملی  کیوں باہر چلی گئی،کچھ نے تو اسے نامناسب فیصلہ قرار دیا ہے ۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور  بیرون ملک جا چکے ہیں سب مصروفیات چھوڑ کر  ان کی اچانک روانگی پر جیالے حیران بھی ہیں اور پریشان بھی کہ آخر ہو کیا رہا ہے ؟ ایسے حالات میں جب کراچی گرمی سےجل گیا ہو اور ایک ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہوں ، سندھ کی حکمران پیپلز پارٹی کے شاہی خاندان   کے ملک چھوڑکر  جانے، نے   ان کی عوام سے کمٹمنٹ پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے ۔ عام کارکن تو ایک طرف ، پیپلز پارٹی   کے  سینئر رہنما بھی زرداری خاندان کے اس فیصلے سے لاعلم رہے ، اور   اب مایوسی کا شکار ہیں ۔ پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین اورسابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے انہیں ذاتی طور پر بتایا تھا کہ وہ رمضان کے روزے پنجاب میں رکھیں گے لیکن وہ اچانک چلے گئے۔ پارٹی کے ایک اور سینئر رہنما ، سینیٹر اعتزاز احسن تو فیصلے سے ناخوش بھی  نظر آتے ہیں ،  ان کا کہنا ہے کہ 21 جون کو پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں طے ہوا تھا کہ بلاول اور آصف زرداری رمضان المبارک کا مہینہ ، لاہور میں گزاریں گے ، لیکن وہ بتائے بغیر باہر چلے گئے جو نامناسب ہے ۔ پیپلز پارٹی کے شاہی خاندان کے ہنگامی طور پر باہر جانےسے چہ مگوئیوں کا  بازار گرم ہو گیا ہے  اور مبصرین  اس کا تعلق سندھ میں نیب اور رینجرز کی جانب سے کرپشن کے خلاف کارروائیوں سے جوڑ رہے ہیں ، جس کی زد میں زرداری خاندان سے  قریبی تعلق رکھنے والے بیوروکریٹس اور سیاست دان آ رہے ہیں ۔