Friday, March 29, 2024

 زرداری  اورسعد کے پروڈکشن آرڈر بجٹ منظوری کیلئے معاملات طے پانے پر جاری ہوئے ،ذرائع

 زرداری  اورسعد کے پروڈکشن آرڈر بجٹ منظوری کیلئے معاملات طے پانے پر جاری ہوئے ،ذرائع
June 20, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) نیب کی زیر حراست سابق صدر آصف علی زرداری اور کیمپ جیل میں قید خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر بجٹ منظوری کیلئے معاملات طے پانے پر جاری ہوئے،اجلاس کے دوران اپوزیشن بطور نوراکشتی شور شرابا ضرور کرے گی، اہم خبر روزنامہ نائنٹی ٹو نیوز کے آج کے شمارے میں شامل ہے۔ آصف زرداری اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر کیسے جاری ہوئے،نائنٹی ٹو نیوز نے کھوج لگا لیا،ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے تین اہم رہنماؤں نے حکومت سے معاملات طے کر لئے ہیں۔ روزنامہ 92 نیوز میں شائع خبر کے مطابق تینوں رہنماؤں نے کچھ ترامیم کے بعد بجٹ منظوری کی یقین دہانی کرا دی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملات طے پانے پر مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن کے چند رہنماء شدید نالاں ہیں،انہوں نے پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو پیغام پہنچایا کہ اگر معاہدہ ہی کرنا تھا تو پہلے اپنے لوگوں کے پروڈکشن آرڈر جاری کرواتے۔ مولانا فضل الرحمان اور ناراض رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے حکومت کی جیت اور اپوزیشن کی ہار ہوئی ہے،ذرائع نے بتایا ن لیگ کو پیپلزپارٹی کی ایک اہم شخصیت نے پیغام پہنچایا کہ معاملات کافی حد تک طے پا چکےہیں،اب قومی اسمبلی کا اجلاس پر امن رکھنے کے لئے مسلم لیگ ن بھی اپنا کردار ادا کرے۔ دوسری جانب نواز شریف کیمپ سے تعلق رکھنے والے دو اہم رہنماکسی صورت بھی اجلاس پر امن طریقے سے چلنے کے خلاف تھے،مگر شہباز شریف کی جانب سے احتجاج نہ کیے جانے کے پیغام پر دونوں ارکان نے ناراضی کا اظہار کیا اور اجلاس سے چلتے بنے۔