Thursday, March 28, 2024

زرداری اوربلاول سے فضل الرحمٰن کی ملاقات، 18 ویں ترمیم، این ایف سی ایوارڈ پر دوٹوک مؤقف پر اتفاق

زرداری اوربلاول سے فضل الرحمٰن کی ملاقات، 18 ویں ترمیم، این ایف سی ایوارڈ پر دوٹوک مؤقف پر اتفاق
July 10, 2020
کراچی (92 نیوز) آصف زرداری پھر متحرک ہو گئے، سیاسی ملاقاتیں شروع کردیں، سابق صدر اور بلاول سے بلاول ہاؤس میں مولانا فضل الرحمٰن کی طویل ملاقات ہوئی، 18 ویں ترمیم، این ایف سی ایوارڈ پر دوٹوک موقف پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستانی سیاست میں نیا موڑ، آصف زرداری پھر متحرک ہوگئے، سیاسی ملاقاتیں شروع کردیں، سابق صدر اور چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول سے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی طویل ملاقات ہوئی، جس میں اہم سیاسی امور گفتگو کا حصہ بنے۔ پاکستان پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام نے سیاسی امور میں ساتھ چلنے پر اتفاق کیا، آصف زرداری، بلاول اور مولانا فضل الرحمان نے این ایف سی ایوارڈ پر غیرلچکدار مؤقف اپنانے پر بھی اتفاق کیا۔ ملاقات میں سابق صدر نے فضل الرحمٰن سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ عمران خان حکومت چلانے کے اہل نہیں، گزشتہ برس میں نے ٹِڈی دَل کے حملوں سے متعلق پارلیمان میں حکومت کو خبردار کیا تھا، حکومت نے اپنی ضد اور انا کی وجہ سے ٹِڈی دَل کے حملوں سے متعلق میرے خدشات کو سنجیدہ نہیں لیا، عوام اپوزیشن جماعتوں کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ وہ سلیکٹڈ حکومت سے انہیں نجات دلائیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمٰن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور عمران خان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، عمران خان کے دورِحکومت میں ملک میں سب سے زیادہ کرپشن میں اضافہ ہوا، عمران خان نیب کو استعمال کرکے اپوزیشن سے انتقام لے رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان بولے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملکی معیشت کو دیوار سے لگا دیا، اگر معیشت کو بچانا ہے تو سب نے مل کر سلیکٹڈ حکمرانوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔