Thursday, March 28, 2024

زرتاج گل کی ہمشیرہ کی تقرری کیلئے نیکٹا کو لکھا گیا خط وزیراعظم کے نوٹس پر واپس

زرتاج گل کی ہمشیرہ کی تقرری کیلئے نیکٹا کو لکھا گیا خط وزیراعظم کے نوٹس پر واپس
June 2, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) تبدیلی سرکار میں اقربا پروری نہیں چلے گی ، وزیراعظم عمران خان اپنے اس اعلان پر آج بھی قائم ہیں، زرتاج گل کی جانب سے بہن کی تقرری کیلئے نیکٹا کو لکھے گئے خط پر عمران خان نے نوٹس لے لیا،جس پر زرتاج گل نے بہن کی تعیناتی کیلئے لکھا گیا خط واپس لے لیا جبکہ نیکٹا کا مؤقف ہے کہ زرتاج گل نے کوئی خط لکھا ہی نہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا وژن،میرٹ پر مبنی پاکستان،تحریک انصاف نے اقربا پروری کیخلاف مہم چلائی تو آج کیسے اس کی حمایت کی جاسکتی ہے،وزیراعظم عمران خان نے زرتاج گل کی جانب سے بہن کی تقرری کیلئے نیکٹا کو لکھے جانے والے خط کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا عمران خان نے زرتاج گل کو اپنی بہن کی تعیناتی کیلئے لکھے گئے خط سے دستبردار ہونے کا حکم دیا،یہ پی ٹی آئی کے اصولوں کے خلاف ہے کیونکہ ہم نےہمیشہ اقربا پروری کی مخالفت کی،پی ٹی آئی میں کوئی بھی رشتہ داروں اور دوستوں کو پوزیشن کا استعمال کرتے ہوئے فائدہ نہیں پہنچا سکتا۔ وزیراعظم عمران خان کے حکم پر زرتاج گل نے بہن کی تقرری کیلئے لکھا گیا خط واپس لے لیا،مراسلے کے مطابق وزارت موسمیاتی تبدیلی نے سیکرٹری داخلہ کو27فروری کو خط لکھا تھا،خط لکھنے کا مقصد صرف سی وی کی نشاندہی قرار دیا گیا ہے، اقرباء پروری یا دباو ڈالنے کی کوشش نہیں کی گئی۔ نیکٹا نے وزیراعظم کے نوٹس کے بعد اعلامیہ میں کہا ہے کہ زرتاج گل نے اپنی بہن کی تعیناتی سے متعلق کوئی خط نہیں لکھا،جو خط زرتاج گل سے منسوب کرکے میڈیا میں زیربحث ہے، وہ زرتاج گل کے پرنسپل اسٹاف افسر نے سیکرٹری وزارت داخلہ کو لکھا۔ وفاقی وزیرزرتاج گل کی بہن شبنم کو ڈیپوٹیشن پر ڈائریکٹر نیکٹا تعینات کیا گیا تھا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے22مئی کو شبنم گل کی تعیناتی کے آرڈر جاری کئے تھے، ترجمان نیکٹا نے تعیناتی مکمل میرٹ پر قرار دی تھی۔