Wednesday, May 8, 2024

ریڈ زون میں فائرنگ کا واقعہ ، ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان معطل

ریڈ زون میں فائرنگ کا واقعہ ، ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان معطل
September 14, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) ریڈ زون میں فائرنگ کے واقعے پر ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان معطل کر دیئے گئے۔ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان تاحکم ثانی معطل رہیں گے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے محکمانہ رولز کے تحت ایڈیشنل سیشن جج کو معطل کیا ہے۔ دوسری جانب تھانہ سیکریٹریٹ پولیس نے  جہانگیر اعوان کی درخواست پر مقدمہ درج کرنے کے لئے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری خرم کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب ڈسٹرک کورٹ کے جج فیضان حیدر گیلانی نے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کی درخواست پر سماعت کی ۔ عدالت نے پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو یوم میں جواب طلب کر لیا ۔ ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ کو بدھ کے روز تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔ ادھر میڈیکولیگل رپورٹ میں ایڈٰشنل سیشن جج جہانگیر اعوان پر تشدد کی تصدیق ہوئی ہے۔ پولی کلینک اسپتال انتظامیہ نے میڈیکولیگل رپورٹ اسلام آباد پولیس کے حوالے کر دی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جہانگیر اعوان کے بائیں پیر کی چھوٹی انگلی میں فریکچر کی تصدیق ہوئی ہے اور ان کے بائیں پیر میں سوجن پائی گئی ہے۔ میڈیکو لیگل رپورٹ کے مطابق جہانگیر اعوان کی بائیں آنکھ کے اوپر خراش، ناک پر زخم، چہرے پر خراشیں ہیں اور اوپر والے ہونٹ پر بھی خراشیں پائی گئیں ہیں۔ دوسری جانب جج پر تشدد کے خلاف اسلام آباد بار نے ہڑتال کی کال دے دی۔ اسلام آباد بار نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت 24 گھنٹے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے ۔ جہانگیر اعوان نے گزشتہ روز ایم پی اے عابدہ راجہ کے شوہر سے جھگڑے پر ہوائی فائرنگ کی تھی۔