Sunday, September 8, 2024

ریپبلکن پارٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار نامزد کر دیا

ریپبلکن پارٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار نامزد کر دیا
July 20, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکا میں بھی انتہا پسندی کا رنگ غالب۔ اپنے نفرت انگیز بیانات اور مسلم دشمنی کے حوالے سے شہرت رکھنے والے ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدارتی امیدوار کی دوڑ جیت گئے۔ ریپبلکن پارٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار نامزد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو ری پبلیکن پارٹی کا صدارتی امیدوار بننے کے لیے ایک ہزار دو سو سینتیس مندوبین کی حمایت کی ضرورت تھی جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک ہزار پانچ سو تینتالیس مندوبین کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ان کے مقابلے میں ٹیڈ کروز پانچ سو انسٹھ مندوبین کی حمایت حاصل کرسکے۔ صدارتی امیدوار بننے کے لیے دوڑ کے آغاز میں دہشت گردی کے نام پر مسلمانوں کے خلاف بیانات سے شہرت حاصل کرنے والے ونلڈ ٹرمپ کے بارے میں کوئی شخص توقع نہیں کرسکتا تھا کہ وہ امریکی صدارتی امیدوار نامزد ہوسکتے ہیں تاہم فرانس، بلجیم اور پھر امریکا میں دہشت گردی کے پے درپے واقعات نے امریکیوں کو ان کے خیالات سے ہم آہنگ کرنا شروع کیا اور وہ سابق خاتون اول اور وزیر خارجہ ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کے مقابلے میں مضبوط امیدوار کی حیثیت سے سامنے آتے گئے۔ صدارتی امیدواروں کے حوالے سے کیے جانے والے ایک پول کے مطابق اپریل کے آغاز میں ڈونلڈ ٹرمپ کو اڑتیس جبکہ ہلیری کلنٹن کو پینتالیس پوائنٹس حاصل تھے۔ مئی کے آغاز میں ٹرمپ کی مقبولیت میں ایک پوائنٹ کی کمی جبکہ ہلیری کلنٹن کی مقبولیت میں چار پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ گزشتہ ماہ کے آغاز پر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت مزید گرکر چالیس پوائنٹس تک آگئی جبکہ ہلیری کلنٹن مقبولیت کے چوالیس پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکیں۔ رواں ماہ کے آغاز میں ٹرمپ کو سینتیس اور مس کلنٹن کو بیالیس پوائنٹس حاصل تھے تاہم رواں ماہ کے دوران امریکا میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت کا گراف سینتیس پوائنٹس کے ساتھ برقرار رہا جبکہ مس کلنٹن کی مقبولیت دو پوائنٹس گرکر بیالیس تک محدود ہوگئی اور آج ڈونلڈ ٹرمپ اپنی نامزدگی کے روز چالیس اعشاریہ چار پوائنٹس پر تھے جبکہ ان کی حریف ہلیری کلنٹن مقبولیت کے تینتالیس اعشاریہ دو فیصدر پوائنٹس حاصل کرسکی تھیں۔