Monday, September 16, 2024

ریو اولمپکس میں صرف سات کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کریں گے

ریو اولمپکس میں صرف سات کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کریں گے
July 28, 2016
لاہور (92نیوز) ریو اولمپکس میں شرکت کیلئے پاکستان کا سترہ رکنی دستہ دو اگست کو برازیل روانہ ہو گا۔ دستہ میں کھلاڑی صرف سات جبکہ دس آفیشلز ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق اولمپکس مقابلوں میں کبھی پاکستان ہاکی کا طوطی بولا کرتا تھا جو اب ماضی کاقصہ بن چکا ہے۔ ہاکی ٹیم میگا ایونٹ کیلئے کوالیفائی نہ کر سکی تو اب 5 اگست سے برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرومیں شروع ہونے والے عالمی مقابلوں میں پاکستان کے صرف سات کھلاڑی شریک ہو رہے ہیں۔ ریو اولمپکس کے دستے میں شریک کھلاڑیوں میں اتھلیٹکس، پیراکی اور شوٹنگ کے مقابلوں کیلئے دو‘ دو جبکہ جوڈو کیلئے صرف ایک کھلاڑی وائلڈ کارڈ انٹری حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ پی او اے کے صدر جنرل ریٹائرڈ عارف حسن نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے بجٹ بڑھانے کی بجائے کھیلوں کے سامان کی درآمد پر بھی ٹیکس لگا دیا ہے۔ پاکستانی دستے کے چیف ڈی مشن بیس بال فیڈریشن کے چیئرمین شوکت جاوید کو بنایا گیا ہے۔ دستہ 2 اگست کو روانہ ہوگا۔ ریو اولمپکس کے مقابلے 5 سے 22 اگست تک برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو اور ساو پولو میں منعقد ہونگے۔