Tuesday, April 23, 2024

رینجرزکے اختیارات کا معاملہ جلد حل ہوجائے گا: مولا بخش چانڈیو

رینجرزکے اختیارات کا معاملہ جلد حل ہوجائے گا: مولا بخش چانڈیو
January 17, 2017
حیدرآباد(92نیوز)مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ رینجرز کے اختیارات کا معاملہ ایک دو روز میں خوش اسلوبی سے حل ہوجائے گا، چوہدری نثار علی خان دہشت گردوں کے حمایتی ہیں اگر انہوں نے دہشت گردوں کی وکالت بند نہ کی تو ہماری مخالفت دشمنی تک بھی جاسکتی ہے۔ تفصیلات کےمطابق حیدرآباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ رینجرز اختیارات کے معاملے پر سیاست کررہے ہیں، رینجرز اختیارات خالصتاً ریاستی معاملہ ہے جس کا تعلق امن و امان سے ہے، ایک دو روز میں رینجرز اختیارات کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوجائے گا۔ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ ہاں ہمیں چوہدری نثار علی خان سے اس لئے تکلیف ہے کہ وہ دہشت گردوں کے حمایتی اور وکیل ہیں اگر وہ دہشت گردوں کے ساتھ رہے تو ہماری مخالفت دشمنی تک بھی جاسکتی ہے۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے مردم شماری کے عمل میں پاک فوج کو شامل کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ مردم شماری پر سب کا اعتماد قائم ہوسکے۔