Saturday, May 4, 2024

رینجرز کے اختیارات کی توسیع میں تاخیر کی وجہ سامنے آ گئی

رینجرز کے اختیارات کی توسیع میں تاخیر کی وجہ سامنے آ گئی
December 14, 2015
اسلام آباد (92نیوز) بیرون ملک مقیم بعض شخصیات بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر پاکستان آنا چاہتی ہیں مگر رینجرز کی جانب سے گرفتاری ان کی واپسی کی راہ میں حائل ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے کراچی آپریشن اور رینجرز اختیارات کے بارے میں سندھ حکومت کے تحفظات دور کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ کو اسلام آباد بلالیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کراچی میں امن اور رینجرز کے اختیارات کی مدت میں توسیع پر بڑے سائیں سید قائم علی شاہ سے رابطہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو رینجرز ،نیب اور ایف آئی اے کی کارروائیوں پرسندھ حکومت کے تحفظات اور موقف سے آگاہ کیا جس پر وزیر اعظم نے انہیں یقین دلایا کہ سندھ حکومت کے تحفظات دور کئے جائیں گے اور اس حوالے سے انہیں اسلام آباد بلا لیا ہے۔ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ 27 دسمبر کو محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی پر بیرون ملک مقیم افراد پاکستان آنا چاہتے ہیں لیکن انہیں بعض تحفظات ہیں جس پر وزیراعظم نے وزیراعلی سندھ کو تمام تر تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ دوسری جانب وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے لاڑکانہ سے کراچی پہنچنے پر رینجرز اختیارات کی سندھ اسمبلی سے توثیق سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی جس میں سینئر وزیر نثار کھوڑو، سکندر میندھرو ، وزیر خزانہ مراد علی شاہ اور مشیر قانون مرتضیٰ وہاب شریک ہوئے۔