Thursday, April 25, 2024

رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا فیصلہ سندھ حکومت نے کرنا ہے : وزیرداخلہ

رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا فیصلہ سندھ حکومت نے کرنا ہے : وزیرداخلہ
December 7, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا معاملہ حکومت سندھ کے آگے اٹھائیں گے۔ قانونی تحفظ کے بنا رینجرز کو سندھ میں تعینات نہیں کر سکتے ، حکومت سندھ سنجیدگی دکھائے، ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ سندھ میں رینجرز کے اختیارت کو توسیع دینا ہے یا نہیں فیصلہ حکومت سندھ نے کرنا ہے، اسے سنجیدگی دکھانی ہوگی، قانونی تحفظ کے بغیر رینجرز کو سندھ میں تعینات نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کی مزید تعیناتی کا معاملہ کل وزیر اعظم کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔ عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کی روشنی میں ایف آئی آر کاٹی گئی، تفتیشی ایجنسی آزادانہ کارروائی کررہی ہے، معاملہ عدالتی ہے خود وزیراعظم کو بھی ایف آئی آر کا علم نہیں تھا۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم نواز شریف یا وزیراعلی پنجاب سے امریکی وفدکی ملاقات کی غیر ملکی خبروں کو پراپیگنڈہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیلیفورنیا شوٹنگ معاملے کا اہم کردار تاشفین ملک پاکستانی تو ہے مگر وہ رہتی سعودی عرب میں تھی۔ وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ تارکین وطن کے معاملے پر یورپی یونین کے بیان سے اتفاق نہیں۔ آئندہ بھی بغیرثبوت اور تصدیق بے دخل کیے گئے افراد کو قبول نہیں کریں گے۔