Friday, April 19, 2024

رینجرز کے اختیارات میں توسیع، سندھ کے سائیں کو دبئی سے گرین سگنل کا انتظار

رینجرز کے اختیارات میں توسیع، سندھ کے سائیں کو دبئی سے گرین سگنل کا انتظار
December 8, 2015
کراچی (92نیوز) وزیراعظم اور آرمی چیف کراچی آئے اور واپس چلے گئے۔ سندھ حکومت کو رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کی ہدایت بھی کی لیکن معاملہ جوں کا توں ہے۔ سائیں سرکار بیرون ملک مقیم وڈے سائیں سے گرین سگنل کا انتظارکر رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی آپریشن کے آغاز کے بعد سندھ رینجرز کو انسداد دہشت گردی کی ترمیمی دفعہ 4 کے تحت دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ ، اغوابرائے تاوان اور بھتہ خوری کے خلاف کارروائی، گرفتاری اور تفتیش کرنے کے خصوصی اختیارات ملے تھے جن کی مدت 5 دسمبر رات 12 بجے ختم ہو گئی۔ کراچی آپریشن کے کپتان سائیں قائم علی شاہ اب ان اختیارات کا نیا نوٹیفیکیشن جاری کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں جس کی بڑی وجہ کرپٹ سیاست دانوں کے گرد گھیراتنگ ہونا ہے۔ ذرائع کہتے ہیں کہ ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری، سندھ میں زمینوں پر قبضوں، فشرمین کو آپریٹیو سوسائٹی میں کالی بھیڑوں کی سرکوبی اور بلدیاتی اداروں میں ہونے والی بے ضابطگیوں کے خلاف کارروائیوں نے سندھ حکومت کو خوف زدہ کر رکھا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ کی حکمران جماعت کی اعلیٰ قیادت بھی رینجرز کی کارروائیوں سے خوش نہیں اور رینجرز کے ہاتھ اپنے گریبان تک پہنچنے سے قبل آپریشن کی راہ میں روڑے اٹکانے شروع کر دیے ہیں۔ سائیں سرکار اب بھی بیرون ملک مقیم ایک اعلیٰ شخصیت کی جانب سے رینجرز کے اختیارات کا نیا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لیے ہری بتی کی منتظر ہے۔