Friday, May 3, 2024

رینجرز کے اختیارات میں توسیع‘ سندھ اسمبلی کا اجلاس اہمیت اختیار کر گیا

رینجرز کے اختیارات میں توسیع‘ سندھ اسمبلی کا اجلاس اہمیت اختیار کر گیا
December 14, 2015
کراچی (92نیوز) کراچی میں رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع ہو گی یا نہیں سندھ اسمبلی میں آج فیصلہ ہو گا۔ اجلاس کے ایجنڈے میں رینجرز کے اختیارات کا معاملہ بھی شامل‘ رینجرز کو اختیارات دینے کے حق میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ فنکشنل آج‘ تاجرکل مظاہرہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ آج سندھ اسمبلی میں رینجرز کے اختیارات کی توثیق کرانے جارہی ہے۔ دوسری جانب رینجرز کے اختیارات کے تنازعے پر تحریک انصاف اور تاجربرادری نے صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لینے کا اعلان کردیا ہے۔ پانچ دسمبر کوخصوصی اختیارات کی مدت ختم ہونے پر حکومت نے اعلان کیا تھا کہ رینجرز کے اختیارات کی توثیق سندھ اسمبلی سے کرائی جائے گی۔ تحریک انصاف کی جانب سے رینجرز کے اختیارات سے متعلق قرار داد بھی جمع کرائی گئی۔ حکومت نے جمعرات کو سندھ اسمبلی کا اجلاس بلایا مگر رینجرز کے اختیارات کی توثیق ایجنڈے میں شامل نہ تھی۔ مخدوم امین فہیم کے انتقال پر تعزیت کے بعد اجلاس کو ختم کردیا گیا۔ جمعہ کو بھی وقفہ سوالات ہوا۔ لمبی لمبی تقریریں ہوئیں۔ نماز جمعہ کے وقت اجلاس کو ملتوی کردیا گیا۔ آج ایک بار پھر اجلاس ہورہا ہے۔ مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں رینجرز کے اختیارات کی توثیق کرالی جائے گی مگر تحریک انصاف کے رہنماو¿ں کا دعویٰ ہے کہ کارروائی کے ایجنڈے میں رینجرز اختیارات کا معاملہ گیارہویں نمبر پر رکھا گیا۔ رینجرز کے اختیارات پر حکومت سندھ کی لیت لعل پر ایک جانب تحریک انصاف نے آج سے احتجاجی مہم کا اعلان کردیا ہے تو دوسری جانب تاجر برادری میدان کو نکلنے کے لیے تیار بیٹھی ہے۔