Tuesday, May 21, 2024

رینجرز کے اختیارات ”محدود“... ایک سال کی توسیع مل گئی

رینجرز کے اختیارات ”محدود“... ایک سال کی توسیع مل گئی
December 16, 2015
کراچی (92نیوز) سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت رینجرز سے ہاتھ کر گئی۔ اختیارات تو دے دیے لیکن پر بھی کاٹ ڈالے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں رینجرز کو بارہ ماہ کیلئے مشروط اور محدود اختیارات دینے کی قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔ قرارداد کے مطابق رینجرز کو کارروائی کیلئے چیف سیکرٹری سے اجازت لینا ہو گی‘ کسی صوبائی محکمے پر چھاپہ مار سکے گی نہ شک کی بنیاد پر گرفتاری کر سکے گی۔ تفصیلات کے مطابق آج سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو شہداءآرمی پبلک سکول کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ بعدازاں رینجرز کے اختیارات کے متعلق قرارداد پیش کی گئی۔ قرارداد صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے پیش کی۔ قرارداد کے مطابق رینجرز کو کسی بھی قسم کی کارروائی سے قبل چیف سیکرٹری سے اجازت لینا ہو گیا۔ قرارداد میں شرط رکھی گئی ہے کہ رینجرز سندھ حکومت کے کسی بھی محکمے پر چھاپہ نہیں مار سکے گی۔ قرارداد کے مطابق رینجرز سندھ حکومت کی اجازت کے بغیر شک کی بنیا دپر کسی کو حراست میں نہیں لے سکتی۔ سہولت کار کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے بھی وزیراعلیٰ سندھ سے اجازت درکار ہو گی۔ دریں اثنا رینجرز کے اختیارات کو محدود اور مشروط کرنے پر سندھ اسمبلی میں اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور قرارداد کی کاپیاں پھاڑ دیں۔ اس موقع پر اسمبلی ارکان ایوان سے احتجاجاً واک آو¿ٹ کر گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایم کیو ایم نے بھی قرارداد مسترد کر دی۔ بعدازاں صوبائی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی صبح تک ملتوی کر دیا گیا۔