Wednesday, April 24, 2024

رینجرز کرائے کی فورس نہیں !!! رات 12بجے سے پہلے رینجرز کے اختیارات بارے معاملات طے ہو جائینگے: چودھری نثار

رینجرز کرائے کی فورس نہیں !!! رات 12بجے سے پہلے رینجرز کے اختیارات بارے معاملات طے ہو جائینگے: چودھری نثار
July 8, 2015
اسلام آباد (92نیوز) وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سے رینجرز کے اختیارات کے بارے میں دومرتبہ بات ہوئی ہے۔ رینجرز جو کارروائیاں کر رہی ہے وہ اختیارات کے دائرہ کار کے اندر ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کراچی میں امن وامان کے حوالے سے رینجرز کا اہم کردار ہے، رینجرزکسی سیاسی جماعت کے خلاف کارروائی نہیں کرتی۔ سیاسی لیڈروں کی جانب سے رینجرز بارے بیانات قابل تشویش ہیں، بیانات سے لگتا ہے کہ رینجرز کی فورس ہماری اپنی نہیں کوئی کرائے کی فورس ہے، رینجرز کے اختیارات کسی قانون یا آئین کے منافی نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رینجرز جان ہتھیلی پر رکھ کر فرائض پورے کرتے ہیں، رینجرز پر سیاسی تنقید کی توپیں کھل گئی ہیں، وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا کہ ہم رینجرز کو 24گھنٹے کےلئے یوم علیؓ کےلئے تعینات رکھیں گے۔ سندھ حکومت رینجرز کےلئے نئی ریکوزیشن بھجوائے گی، امید ہے رات 12بجے سے پہلے معاملات طے ہو جائیں گے، ہم نہیں سمجھتے کہ کراچی کی سڑکوں پر رینجرز کو بے یارومددگار چھوڑا جائے۔ انہوں نے کہا ایف آئی اے کو مخصوص دائرہ کار میں اختیارات دئیے گئے ہیں۔ عمران فاروق قتل کیس پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کیس انتہائی حساس ہے، معظم علی سے تفتیش مکمل ہو چکی ہے، پرسوں اور کل دو دن تک تفتیش کی گئی۔ انہوں نے کہا آخری ملزم تک رسائی کے بارے میں مشاورت کی جائے گی، منی لانڈرنگ کیس کے بارے میں برطانیہ کو خط لکھا ہوا ہے، بی بی سی رپورٹ سے متعلق برطانوی حکومت کو لکھے خط کے جواب کے منتظر ہیں۔