Saturday, April 20, 2024

رینجرز کبھی پوچھ کر کارروائی کرتی ہے اور کبھی پوچھے بغیر !!! سندھ میں تبادلے کرپشن کی شکایات پر کئے: قائم علی شاہ

رینجرز کبھی پوچھ کر کارروائی کرتی ہے اور کبھی پوچھے بغیر !!! سندھ میں تبادلے کرپشن کی شکایات پر کئے: قائم علی شاہ
July 18, 2015
لاڑکانہ (92نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ میری موجودگی میں رینجرز مجھ سے پوچھ کر اور غیرموجودگی میں بغیر پوچھے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی کرتی ہے اور بعد میں مجھے اطلاع دی جاتی ہے۔ رینجرز کے اختیارات اور ایک سال کی مدت کا بل جلد سندھ اسمبلی سے پاس کروایا جائے گا۔ گڑھی خدابخش بھٹو میں سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور اراکین سندھ اسمبلی کے ہمراہ نماز عید کی ادائیگی اور بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں ہونے والے تبادلے کرپشن کی شکایات پر کیے گئے جو مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کا کام افسران لگانا اور نکالنا نہیں وہ صرف اور صرف امن امان کےلئے کام کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کا چیلنج ملک بھر کی طرح سندھ کو بھی درپیش ہے جسے ہم نے قبول کیا اور آرمی، رینجرز اور پولیس کی مدد سے جوائنٹ ایکشن لیا جس سے آج سندھ کے حالات انتہائی بہتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس نے ہزاروں گرفتار افراد کو ثبوت نہ ہونے پر رہا کیا ہے اور سینکڑوں کو سزائیں بھی دلوائی ہیں۔ قبل ازیں نماز عید کی ادائیگی کے بعد سانحہ پشاور کے شہدا آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور ملکی ترقی کےلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔