Sunday, September 8, 2024

رینجرز کا ایکشن‘ چندہ جمع کرنیوالے کالعدم تنظیم کے 13 کارندے گرفتار

رینجرز کا ایکشن‘ چندہ جمع کرنیوالے کالعدم تنظیم کے 13 کارندے گرفتار
July 3, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں رینجرز نے گلشن اقبال کے علاقے میں غیر قانونی طور پر چندہ اور فطرہ جمع کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاون میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 13 افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ پولیس اور قانون نافذکرنے والے ادارے نے مختلف کارروائیوں میں 5 افراد کو گرفتار کیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں رینجرز کی جانب سے غیر قانونی طور پرچندہ اور فطرہ جمع کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاون کیا گیا۔ کریک ڈاون کے دوران گلشن اقبال کی چار مختلف مساجد کے باہر سے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 13 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد سے کلاشنکوف‘ متعدد گولیاں‘ نقدی‘ موبائل فون اور پمفلٹ برآمد ہوئے جنہیں پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ چاکیواڑہ میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ٹارگٹڈ کارروائی میں 2 افراد کو حراست میں لے کرتفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔ دونوں پر پولیس اہلکار کے قتل کا شبہ ہے۔ نارتھ ناظم حیدری کے علاقے میں پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ملزم گرفتار کر کے اسلحہ اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کر لی۔