Sunday, September 8, 2024

رینجرز نے جامعہ کراچی سے غیرحاضرملازمین کا ریکارڈ طلب کر لیا

رینجرز نے جامعہ کراچی سے غیرحاضرملازمین کا ریکارڈ طلب کر لیا
July 13, 2016
کراچی(92نیوز)جامعہ کراچی کےسیاسی جماعتوں  سے تعلق رکھنے والے  غیر حاضر ملازمین کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے،رینجرز کی ہدایت پر یونیورسٹی  انتظامیہ نے تمام غیر حاضر ملازمین کا ریکارڈ جمع کرکے تحقیقات شروع کردیں۔ تفصیلات کےمطابق ایک طرف وسائل کی کمی کا رونا تو دوسری طرف مفت کی روٹیاں توڑنے والوں کی بھرمار یہ حال ہے جامعہ کراچی کا۔ شہر کی سب سے بڑی جامعہ میں  درجنوں ملازمین عرصے سے غیر حاضر ہیں ۔  ذرائع کا کہنا ہے ان ملازمین کا تعلق سیاسی جماعتوں سے تھا اور یہ انہی کے مفاد کے لیے کام کرتے تھے۔ کراچی یونیورسٹی کے گھوسٹ اور کرمنل ملازمین کے خلاف طویل عرصے سے انتظامیہ اور دیگر ادارے تحقیقات کا شوشہ چھوڑتے رہے مگر کوئی ان کا بال بھی بیکا نہ کرسکا ۔ آخر کار پاکستان رینجرز سندھ کو آستینیں چڑھا کر میدان میں آئی اورغیر حاضر ملازمین کا ریکارڈ طلب کرلیا ۔ جس کے بعد جامعہ کے رجسٹرار نے  نوٹی فکیشن جاری کیا ہے ۔ تمام سیکشنز کے سربراہان ۔18 جولائی تک  ایسے  ملازمین کا ریکارڈ جمع کرائیں  جو طویل عرصے سے غیر حاضر ہیں یا اجازت لیے بغیر لاپتہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان گھوسٹ ملازمین کی پشت پناہی کرتے تھے جس کا  گھوسٹ ملازمین  بھر پور فائد اٹھا رہے تھے۔