Saturday, April 27, 2024

رینجرز اور پاک فوج کے جوان بھی کراچی میں ریسکیو کارروائیوں میں شریک

رینجرز اور پاک فوج کے جوان بھی کراچی میں ریسکیو کارروائیوں میں شریک
August 11, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں بد ترین صورتحال  کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں ، ایسے میں  پاک فوج اور رینجرز کے جوان ریسکیو کارروائیوں میں  پیش پیش ہیں ۔ رینجرز اور فوج کے جوانوں نے  کشتیوں کی مدد سے  ڈوبے علاقوں میں پہنچ کر عوام کو محفوظ مقامات تک پہنچایا ، شہریوں نے پاک فوج کے حق میں نعرے  بھی لگائے ۔ کراچی میں مون سون اسپیل کی دوسری بارش نے سارا شہر جل تھل کردیا ہے اور سڑکیں تالاب بن گئی ہیں ،کورنگی کے مقام پر ملیر ندی اوور فلو ہونے سے متعدد افراد پانی میں پھنس گئے جنہیں کرین اور کشتی کی مدد سے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا  جبکہ سکیورٹی اہلکار بھی شہریوں کی مدد کیلئے سڑکوں پر موجود ہیں ۔ گزشتہ رات شروع ہونے والی برسات صبح تک مسلسل جاری رہی جس سے ملیر ندی اوور فلو ہونے سے صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی ، کورنگی کاز وے پر پُل ٹوٹ جانے سے علاقے کی طرف جانے والا ایک راستہ بند کردیا گیا  جبکہ متعدد افراد ندی کے پانی کے باعث پھسلن گئے ۔ پانی میں پھسنے افراد کئی گھنٹوں تک زندگی اور موت کی کشمکش کا شکار رہے  ، ریسکیو ٹیموں نے کرین اور کشتی کی مدد کے ذریعے متاثرہ افراد کو نکال کر محفوظ مقام تک پہنچایا ۔ تھڈوڈیم اوور فلو ہونے سے پاک فوج نے ریسکیو آپریشن کیا ، کے ڈی اے گرڈ اسٹیشن پر بھی آرمی کی ٹیمیں موجود ہیں  ،  قیوم آباد پر کے پی ٹی فلائی اوور کے اطراف بھی آرمی کے جوانوں نے شہریوں کی مدد کی ۔ آرمی، رینجرز، پولیس اور ٹریفک پولیس کے جوان مختلف مقامات پر پانی میں پھنسی گاڑیاں بھی نکال رہے ہیں ، سعدی ٹاؤن، مویشی منڈی اور اطراف میں پاک فوج کی خصوصی ٹیمیں موجود ہیں ۔ نیوکراچی، سائٹ، یونیورسٹی روڈ، کالا پل، قیوم آباد، کورنگی ، نیشنل ہائی وے، صدر، کیماڑی، ڈی ایچ اے، مویشی منڈی اور ملیر کینٹ روڈ پر بھی پاک فوج کے جوان ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں ۔