Saturday, May 4, 2024

رینجرز اختیارات پر ایک دو دن لگ جائیں تو آسمان نہیں گر جائیگا : وزیراعلیٰ سندھ

رینجرز اختیارات پر ایک دو دن لگ جائیں تو آسمان نہیں گر جائیگا : وزیراعلیٰ سندھ
December 14, 2015
کراچی (92نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ رینجرز اختیارات میں توسیع کے معاملے پرایک دو دن لگ بھی جائیں تو آسمان نہیں گر جائے گا۔ نیب اور ایف آئی اے کے چھاپوں کا معاملہ آج اسمبلی میں اٹھائیں گے۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو بی بی شہید کی برسی تقریب میں شرکت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق گڑھی خدا بخش میں شہداءکے مزار پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے کہا کہ رینجرز ہمارے ساتھ تھی‘ ہے اوررہے گی۔ رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر سیاست چمکانا درست نہیں‘ اختیارات میں توسیع دینے میں ایک دو دن لگ بھی جائیں تو آسمان نہیں گر جائے گا۔ قائم علی شاہ نے ایف آئی اے اور نیب کی سندھ میں کی جانے والی کارروائیوں کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے انہیں نہیں بلایا‘ چھاپوں کا معاملہ پیر کو اسمبلی میں اٹھائیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو ستائیس دسمبر کو بے نظیر بھٹو کے یوم شہادت کی مرکزی تقریب میں شریک ہوں گے۔ دورہ خیرپور پر وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ رینجرز کو اختیارات نہ ملنا آئینی معاملہ ہے جسے جلد حل کرکے اختیارات دے دیے جائیں گے۔