Monday, September 16, 2024

رینجرز اختیارات میں توسیع کا نوٹیفکیشن نئے وزیراعلیٰ سندھ جاری کریں گے

رینجرز اختیارات میں توسیع کا نوٹیفکیشن نئے وزیراعلیٰ سندھ جاری کریں گے
July 28, 2016
کراچی (92نیوز) پیپلز پارٹی کی قیادت نے کراچی میں رینجرز کے اختیارات کی مدت بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔ مراد علی شاہ وزارت اعلیٰ سنبھالتے ہی نوٹیفکیشن جاری کر دیں گے۔ رینجرز کو اختیارات وہی دیے جا رہے ہیں جو پہلے حاصل تھے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرز کو کارروائیوں کے لیے دیے گئے اختیارات انیس جولائی کو ختم ہونے کے بعد معاملہ ایک تنازع کی صورت اختیار کر گیا تھا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی زیرصدارت دبئی میں چند روز قبل ہونے والے اجلاس میں رینجرز کو اختیارات دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے اب حتمی فیصلہ کر لیا ہے کہ رینجرز کے اختیارات کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کی جائے گی جبکہ اختیارات پہلے کی طرح کراچی تک ہی محدود ہوں گے۔ اختیارات کے تحت رینجرز دہشت گردی کی روک تھام کے لیے چار جرائم کے خلاف کارروائی کر سکے گی جن میں ٹارگٹ کلنگ‘ بھتہ خوری‘ اغوا برائے تاوان اور فرقہ وارانہ قتل و غارت شامل ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی قیادت کی ہدایت کے مطابق وزارت اعلیٰ کا حلف لیتے ہی مراد علی شاہ جو چند اہم کام کریں گے ان میں رینجرز کے اختیارات کی مدت میں تین ماہ تک کی توسیع کا نوٹیفکیشن بھی شامل ہو گا۔