Sunday, September 8, 2024

رینجرز اختیارات میں توسیع ،صوبائی اسمبلی کی منظوری سے مشروط

رینجرز اختیارات میں توسیع ،صوبائی اسمبلی کی منظوری سے مشروط
July 20, 2016
کراچی(92نیوز)سندھ میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع سائیں سرکار نے اسمبلی کی منظوری سے مشروط کردی۔ وزیر اعلیٰ سندھ اہم وزراء کے ساتھ سابق صدر آصف علی زرداری سے رہنمائی کے لیے جمعرات کو دبئی روانہ ہوں گے۔ تفصیلات کےمطابق کہتے ہیں کہ مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی ، سندھ میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع بھی ایسا ہی معاملہ بن گیا۔ انیس جولائی کو ختم ہونے والے رینجرز اختیارات کی مدت میں توسیع نہیں کی گئی ۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے وڈے سائیں کو فون کیا اور  رینجرز اختیارات اور سندھ میں قیام امن کے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا ۔آپریشن کے کپتان نے گورنر سندھ کو بتادیا کہ پارٹی قیادت سے مشورہ کے بعد ہی معاملے پر کوئی فیصلہ کریں گے ۔ ادھر وزیراعلی سندھ نے بھی حساس معاملے پر اہم وزراء کے ساتھ سرجوڑ لیا  اور وزیر اعلی ہاوس میں صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال ، وزیر خزانہ مراد علی شاہ ، مشیر قانون مرتضی وہاب اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے  مشاورت کی  ۔ صوبائی وزارت قانون کے ذرائع کے مطابق قائم علی شاہ کو بتایا گیا کہ سندھ اسمبلی سے معاملہ پر منظوری ضروری ہے  وفاق اس معاملہ پر براہ راست آرڈیننس جاری نہیں کرسکتا ۔ رینجرز کے اختیارات میں توسیع قانونی معاملہ کے ساتھ سیاسی معاملہ ہے  آئین کے آرٹیکل 147 اے پر کوئی آرڈیننس جاری نہیں کیا جاسکتا ہے ۔  رینجرز کے قیام کی مدت میں توسیع کی درخواست کی صورت میں معاملہ ایک بار پھر سندھ اسمبلی جائے گا ۔ ذرائع کےمطابق وزیراعلی سندھ اہم وزراء کے ہمراہ جمعرات کی رات دبئی روانہ ہوں گے ۔