Saturday, May 11, 2024

ریلوے گالف کلب کی نئی بولی اور اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب

ریلوے گالف کلب کی نئی بولی اور اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب
November 18, 2019
اسلام آباد( 92 نیوز) سپریم کورٹ میں ریلوے گالف کلب سے متعلق کیس میں جسٹس عمر عطابندیال کے ریمارکس دیے کہ  پاکستان ریلوے نے ریل چلانی ہے یا گالف کلب، کلب کی نئی بولی اور اکاؤنٹس طلب  کر لی گئیں ، ریکارڈ گمشدگی کا مقدمہ درج کرانےکی بھی ہدایت دی گئی ۔ جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ریلوے گالف کلب فیصلے پر عملدرآمد کیس کی سماعت کی  ، عدالت نے ریمارکس دیے کہ فوری طور پر گالف کلب کی بولی کا عمل شروع کیا جائے۔ محکمہ ریلوے کے وکیل نے بتایا کہ بولی کیلئے کنسلٹنٹ ہائر کرنے کے حوالے سے تین ماہ کی مہلت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ  پلان جمع کرائیں پھر عدالت مناسب حکم دے گی ،  وکیل کا کہنا تھا کہ سابق انتظامیہ کی جانب سے اکاؤنٹس تفصیلات فراہم نہ کرنے کے باعث آڈٹ نہیں کروا پارہے۔ جسٹس عمر عطابندیال نے ریمارکس دیئے جو ریکارڈ نہیں مل رہا اس کا مقدمہ درج کرائیں ، محکمےنےریلوے چلانی ہے یا گالف کلب،بولی کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے۔ عدالت نے مزید سماعت پندرہ دن کے لئے ملتوی کردی۔