Saturday, May 18, 2024

ریلوے کی کارکردگی دیکھنے کیلئےخودٹرین میں سفرکرینگے،چیف جسٹس پاکستان

ریلوے کی کارکردگی دیکھنے کیلئےخودٹرین میں سفرکرینگے،چیف جسٹس پاکستان
December 24, 2018
لاہور ( 92 نیوز)سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ریلوے خسارے بارے از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ ریلوے کی کار کردگی دکھنے کیلئے خود ٹرین کا سفر کریں گے ۔ عدالت نے ریلوے اراضی بارے تمام ہائیکورٹس اور ماتحت عدالتوں سے حکم امتناعی طلب کر لئے۔ سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں ریلوے خسارہ کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے کی،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ  ریلوے کی اراضی تا حکم ثانی لیز یا ہاؤسنگ سوسائٹیز کے قیام کیلئےنہیں دی جائے گی ۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے بتایا کہ  یہ اراضی ریلوے کی ہے اسے ریلوے کے مقاصد کیلئے ہی استعمال کیا جا سکتا ہے جس پر  عدالت نے ریمارکس دئیے یہ اراضی ریلوے کی نہیں بلکہ وفاقی حکومت کی ملکیت ہے۔ سپریم کورٹ نے چکوال اور دیگر مقامات سے ریلوے کی اراضی سے تجاوزات ہٹانے کا حکم دیدیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ ریلوے کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے وہ خود ٹرین کا سفر کریں گے۔ عدالت نےریلوے خسارہ کیس کی مزید سماعت ستائیس دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئےتمام ہائیکورٹس اور ماتحت عدالتوں سے حکم امتناعی طلب کر لئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے بتایا ریلوے میں بہت کرپشن ہوئی،چیف جسٹس کا ریلوے میں سفر کرنا ہمارے لئے باعث فخر ہو گا۔ دوسری جانب پی ایم ڈی سی کیس میں چیف جسٹس نےبرہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے عدالت کے ساتھ چھپن چھپائی نہ کھیلیں،پی ایم ڈی سی قانون منظور ہونے کے باجود کیوں نافذ نہیں کیا گیا،وزیر صحت اور سیکرٹری کل عدالت پیش ہوں۔