Sunday, September 8, 2024

ریلوے خسارے کو رواں سال کم کر دیں گے ، شیخ رشید

ریلوے خسارے کو رواں سال کم کر دیں گے ، شیخ رشید
August 25, 2018
لاہور (92 نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ دس سال بعد بھی ریلوے وہاں کھڑی ہے جہاں چھوڑ کر گیا تھا۔ ہم ریلوے خسارے کو رواں سال کم کر دیں گے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ تمام ٹرینوں پر وائی فائی اور موبائل ٹریکنگ سسٹم لگائیں گے ، آن لائن ٹکٹوں کو بہتر  اور ٹریول ایجنٹوں کو بھی شامل کریں گے۔ انہوں نے فریٹ ٹرینوں کو بھی آن لائن کرنے کا فیصلہ اور ریلوے میں پرائیویٹ سیکٹر کو بھی شامل کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ کوچزخراب پڑی ہیں ،دونئی ٹرینیں چلائی جائیں گی اور ریلوے اخراجات میں 15 فیصد کمی کی جائے گی، 15 اکتوبرسے سکھر کراچی ٹرین چلائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کا خسارہ ایک سال کے اندر ختم کرنا چاہتے ہیں، کرایوں سے مطمئن نہیں شیخ رشید نے کہا کہ میں آج اللہ کے بعد جہاں بھی ہوں میڈیا کی وجہ سے ہوں ، آج میرا پہلا دن ہے اور آج ہم نے اہم فیصلے کیے ہیں ، میری کوشش ہے کہ اس سال ریلوے کو خسارے سے نکالوں۔  میں باہر سے امپورٹ کرنے کی بجائے پاکستان میں کام کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی زمینوں پر قبضے چھڑائیں گے، ریلوے کی ساری زمین کے گرد درخت لگائیں گے، ریلوے ملازمین کے لئے گھربھی بنائے جائیں گے، خسارہ ختم کرنے کے لئے10ارب چاہئیں، فائیواسٹار ہوٹلزکے لئے ہمارے پاس 5 پلاٹ ہیں۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے  10 ہزار اپارٹمنٹس بنانے کا اعلان بھی کر دیا، انہوں نے کہا کہ گوجر خان سے جہلم کا ٹریک میں خود ٹھیک کرواوں گا ۔