Thursday, May 9, 2024

ریلوے خسارہ کیس، سپریم کورٹ نے  شیخ رشید ،سیکرٹری اور چیئرمین کو طلب کرلیا

ریلوے خسارہ کیس، سپریم کورٹ نے  شیخ رشید ،سیکرٹری اور چیئرمین کو طلب کرلیا
January 27, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ میں ریلوے خسارہ  کیس کی سماعت ہوئی ، عدالت نے  آڈٹ رپورٹ پر اظہار برہمی  کرتے ہوئے  وزیرریلوے شیخ رشید، سیکرٹری اورچیئرمین کو کل طلب کر لیا۔ ریلوے خسارہ کیس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی , ریلوے سے متعلق آڈٹ رپورٹ پر اظہار برہمی کیا, ریمارکس دئیے کہ آپ کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہونے کی  بجائے ابتک مینول ہے، استفسار کیا کہ ریلوے میں جو آگ لگی تھی اس کا کیا بنا۔ وکیل ریلوے نے دو افراد کے خلاف کارروائی کا بتایا تو چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ چولھے میں پھینکیں اپنی کارروائی کو ،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ریلوے وزارت لینے والے کو پہلے خود ریلوے پر سفر کرنا چاہیے،  ریلوے میں کوئی چیز درست انداز میں نہیں چل رہی، اس سے زیادہ کرپٹ پاکستان میں کوئی ادارہ نہیں۔ سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ  دنیا بلٹ ٹرین چلا کر مزید آگے جا رہی ہے اور ہم آج بھی اٹھارویں صدی کی ریل چلا رہے ہیں، ریلوے اسٹیشن درست ہیں نہ ٹریک اور نہ ہی سگنل، ریل پر سفر کرنے والا ہر فرد خطرے میں سفر کر رہا ہے، ریلوے میں مسافر ہیں نہ مال گاڑیاں چل رہی ہیں۔ چیف جسٹس نے وزیر ریلوے کا نام لئے بغیر ریمارکس دیے کہ وزارت سنبھال نہیں پا رہے، ریلوے والا روز حکومت گراتا اور بناتا ہے، ریلوے کا پورا محکمہ سیاست میں پڑا ہوا ہے۔ عدالت نے چیئرمین ریلوے کی عدم حاضری پر بھی برہمی کا اظہار کیا ، ساتھ ہی وزیر ریلوے شیخ رشید  احمد، سیکرٹری ریلوے سمیت اعلی حکام کو منگل کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔