Friday, April 19, 2024

ریلوے افسران کے ہاتھوں خواجہ سعدرفیق ماموں بننے سے بچ نکلے

ریلوے افسران کے ہاتھوں خواجہ سعدرفیق ماموں بننے سے بچ نکلے
March 25, 2015
اسلام آباد(92نیوز)وفاقی وزیر ریلوے اپنے ہی محکمے کے ہاتھوں ماموں بنتے بنتے بچ نکلے۔ ریلوے انتظامیہ کی نو سر بازی وزیر ریلوے کی آنکھوں میں دھول جھونک کر مرمت شدہ بوگیوں کا افتتاح کرانے کی کوشش کر ڈالی مگر رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ۔ سرکاری محکموں کی جانب سے عوام کو چونا لگانا تو معمول بن گیا ہے لیکن وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اپنے ہی محکمے کے ہاتھوں ماموں بنتے بنتے بچے۔ ریلوے انتظامیہ نے اسلام آباد مارگلہ ریلوے اسٹیشن پر مرمت شدہ بوگیوں کے افتتاح پر وفاقی وزیر کو مدعو کر رکھا تھا ۔ وزیر با تدبیر نے فیتہ کاٹا اور ریل کی بوگیوں کا معائنہ پھر میڈیا سے گفتگو میں کرپشن کی ساری کہانی کھول دی ۔ ان دس بوگیوں کی مرمت پر 4 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ 4 سو لاکھ روپے لاگت کے باوجود ٹوٹی ہوئی سیٹیں ،زنگ آلود پائیدان،اور پنکچر لگے ریل کے ڈبے ریلوے انتظامیہ  کی کرپشن کی کہانی سنا رہے ہیں   اور یہ کھڑکی جتنا زور لگا کر کھولی گئی دوگنا زور لگنے سے بھی بند نہیں  ہو رہی۔ کاغذوں میں اس لائٹ کی قیمت دس ہزار روپے درج ہے لیکن یہاں لائٹ لگے گی کہاں،اگر مسافر چلتی ٹرین سے ایک ڈبے دوسرے میں جانا چاہے تو اسکے لئے لاکھوں روپے لگا کر یہ پل صراط بنایا گیا ہے۔ یہ تو کہانی تھی ان دس بوگیوں کی جن کی مرمت پر 4 کروڑ خرد برد کیے گئے۔ ابھی 1سو12 بوگیوں کی مزید مرمت جاری ہے جن پر 32 کروڑ روپے خرچ ہونگے ۔