Friday, April 19, 2024

ریفرنڈم کرالیں کہ عوام بہاولپور صوبہ چاہتے ہیں یا نہیں؟ ، طارق بشیر چیمہ

ریفرنڈم کرالیں کہ عوام بہاولپور صوبہ چاہتے ہیں یا نہیں؟ ، طارق بشیر چیمہ
May 16, 2019
 بہاولپور (92 نیوز) شاہ محمود کے جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق بیان پر قاف لیگ نے تحفظات کا اظہار کر دیا۔ طارق بشیر چیمہ کہتے ہیں صوبہ بہاولپور کی ایک تاریخ ہے۔ ریفرنڈم کرالیں کہ عوام بہاولپور صوبہ چاہتے ہیں یا نہیں؟ حکومتی اتحادیوں کا بار بار روٹھنا معمول بن گیا۔ جنوبی پنجاب صوبے کے معاملے پر مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق ایک پیج پر دکھائی دے رہی ہے جبکہ تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی دوسری طرف ہیں۔ جنوبی پنجاب صوبے نے حکومت اور اتحادیوں میں اختلافات پیدا کردیئے۔ وزیر خارجہ نے ایک ہی صوبہ بنانے کی تحریک پیش کی تو ن لیگ ہی نہیں مسلم لیگ ق نے بھی مخالفت کر دی۔ مسلم لیگ ن نے بہاولپور ڈویژن کو الگ جبکہ ملتان اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کو الگ صوبہ بنانے پر زور دیا تو ق لیگ کے رہنما طارق بشیر چیمہ بولے یہ منطق سمجھ سے باہر ہے کہ تین اضلاع کا صوبہ نہیں بن سکتا۔ جنوبی پنجاب کا ایک صوبہ بنایا جائے گا یا دو اس کا فیصلہ تو پارلیمنٹ کرے گی تاہم پنجاب اسمبلی دو صوبے بنانے کی قرارداد منظور کر چکی ہے۔ تحریک انصاف ایک ہی صوبہ بنانے پر زور دے رہی ہے۔ پیپلزپارٹی بھی اس معاملے پر پی ٹی آئی کے ساتھ نظر آرہی ہے۔ اتحادی جماعت مسلم لیگ ق اور اپوزیشن مسلم لیگ ن کی مخالفت کے باوجود کیا حکومت ایک ہی صوبہ بنانے کا خطرہ مول لے سکتی ہے؟عوام کو اسی فیصلے کا انتظار ہے۔