Friday, April 26, 2024

ریحام خان بھرپورپروٹوکول میں سرکاری تقریبات میں شرکت کرنے لگیں

ریحام خان بھرپورپروٹوکول میں سرکاری تقریبات میں شرکت کرنے لگیں
April 16, 2015
مردان(92نیوز)عبدالولی خان یونیورسٹی میں مسز ملک سعد شہید کرکٹ ٹورنامنٹ کا فا ئنل میچ پشاور اور مردان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ مردان کی ٹیم نے پشاور کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی ،عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے کامیاب  ٹیم میں ایک لاکھ روپے ،ٹرافی اور  میڈل تقسیم کئے۔ تفصیلات کے مطابق ریحام خان بھرپور سرکاری پروٹوکول کے ساتھ عبدالولی خان یونیورسٹی میں مسز ملک سعد خواتین گولڈ کپ ٹورنامنٹ کا فائنل دیکھنے پہنچیں تو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر احسان علی نے مہمان خصوصی ریحام خان سے ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کا تعارف کرایا۔ ریحام خان نے میچ کو خوب انجوائے کیاکھلاڑیوں سے خطاب میں ریحام خان نے کہا خان صاحب اوربھابھی کی موجودگی میں خواتین مزید کھیلوں میں حصہ لیں۔ ریحام خاں سرکاری تقریبات میں پروٹوکول خوب انجوائے کر رہی ہیں اس سے قبل وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں بطور مہمان خصوصی گئیں اور اسٹریٹ چلڈرن کیلئے سفیر قرار پائیں۔ عام آدمی اور سیاسی مخالفین حیران ہیں کہ تحریک انصاف کس خاندانی سیاست کے خاتمے کا دعویٰ کرتی تھی،یہی تحریک انصاف تھی جو آصفہ بھٹو زرداری کے پولیو کے خاتمہ کیلئے سفیر بننے پر معترض تھی،بلاول بھٹو کا سرکاری اجلاسوں میں بیٹھنا تحریک انصاف کو ایک آنکھ نہیں بھاتا تھا،مریم نواز وزیراعظم یوتھ لون سکیم کی سربراہ مقرر ہوئیں تواس تقرر پر سیخ پا تحریک انصاف عدالت جا پہنچی۔ مریم نواز نے فیصلہ آنے سے پہلے ہی عہدہ چھوڑ دیا لیکن خاندانی سیاست کا طعنہ ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا پیچھا چھوڑتا ہی نہیں۔