Sunday, May 5, 2024

ریحام بچوں کی سفیر مقرر، تحریک انصاف پر خاندانی سیاست کا الزام لگ گیا

ریحام بچوں کی سفیر مقرر، تحریک انصاف پر خاندانی سیاست کا الزام لگ گیا
April 12, 2015
اسلام آباد(92نیوز)خاندانی سیاست کے خاتمہ کا دعویٰ کرنے والی تحریک انصاف پر بھی خاندانی سیاست کا الزام لگ گیا، ریحام خان کو بچوں کا سفیر بنائے جانے پر الطاف حسین، عابد شیرعلی اور شرمیلا فاروقی نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ ہائوس میں ہونے والی سرکاری تقریب سے ریحام خان کے خطاب کو خاندانی سیاست کی ابتدا قرار دیا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف کے مخالفین  سوال کر رہے ہیں کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو بادشاہ  قرار دینے والے عمران خان کی اہلیہ کا تقرر کون سی سیاست ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ریحام کا بچوں کا سفیر بننا ان  لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو یہ کہتے تھے کہ تحریک انصاف خاندانی سیاست پر یقین نہیں رکھتی،فاروق ستار نے ٹویٹ کی کہ مبارک ہو مبارک ہو خاندانی سیاست کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے طنز کیا کہ یہ میرٹ پر خاندا نی سیاست ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نے کہا ریحام خان بچوں کی سفیر بنا دی گئیں کیا مذاق ہےکیا یہی تبدیلی تھی۔ عمران خان بتائیں ان کی اہلیہ کس حیثیت میں پروٹوکول لے رہی ہیں۔