Friday, March 29, 2024

ریاست مدینہ کی بنیاد انسانیت اور انصاف پر تھی ،وزیراعظم

ریاست مدینہ کی بنیاد انسانیت اور انصاف پر تھی ،وزیراعظم
August 17, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے  اسلام آباد میں صحت سہولت پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ کی بنیاد انسانیت اور انصاف پر تھی ، جانوروں کے معاشرے میں رحم نہیں ہوتا۔ اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ  ہم اسٹیو جابز اور بل گیٹس کی کامیابی کی کتابیں پڑھتے ہیں  جبکہ دنیا کے سو  عظیم ترین اور کامیاب ترین افراد میں پہلا نام نبی کریم حضرت محمد ﷺ کا ہے ، ہم ان کی سنت پر چلیں گے تو کامیاب ہو جائیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مدینہ کی ریاست انسانیت اور انصاف پر کھڑی تھی ، مدینہ کی ریاست ماڈرن ریاست تھی، پاکستان بھی ایک ویژن کے تحت بنا،پاکستان کو مدینہ کی ریاست کے اصولوں کے مطابق فلاحی ریاست بنانا تھا،افسوس سے کہتا ہوں پاکستان کا خواب عظیم ویژن تھا جس سے ہم دور چلے گئے ہیں، ہم اپنے وژن کو پیچھے چھوڑ کر غداری کرتے ہیں۔ہم نے یونیورسٹیز میں پڑھانا ہے کہ ریاست مدینہ کیا تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ  پاکستان کو ایشین ٹائیگر اور لاہور کو پیرس بنانے کے دعوے ویژن سے غداری ہے ،آج کاپروگرام ہمارے وژن کے مطابق ہے، ہمارا وژن ملک میں انسانیت کا احساس اور انصاف ہے ،غریبوں کی امداد ریاست کی ذمہ داری ہے ،اپنے کمزور طبقے کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری ہے ،احساس پروگرام سوچ سمجھ کر اور سمجھداری سے شروع کیا گیا ہے ۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ہیلتھ انشورنس سب سے اہم چیز ہے ، غریبوں کو ہیلتھ دینا ہمارا فرض ہے ، ہرکابینہ اجلاس میں ہر وزارت عام آدمی کے حالات بہتر بنانے سےمتعلق سفارشات دے گی۔