Sunday, May 12, 2024

ریاست مخالف بیانات ، جاوید لطیف کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو جون تک توسیع

ریاست مخالف بیانات ، جاوید لطیف کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو جون تک توسیع
May 26, 2021

لاہور (92 نیوز) ریاست مخالف بیانات کے کیس میں ن لیگی ایم این اے جاوید لطیف کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو جون تک توسیع کر دی گئی۔

ریاست مخالف بیان بازی کے مقدمہ میں گرفتار لیگی ایم این اے کے خلاف کیس کی سماعت میں کورونا ایس او پیز کے تحت جیل حکام کی جانب سے ملزم جاوید لطیف کو پیش نہ کیا گیا جبکہ وارنٹ پیش کیے گئے۔ عدالت نے لیگی ایم این اے کے جوڈیشل ریمانڈ میں دو جون تک توسیع کرتے ہوئے مقدمے کا چالان طلب کر لیا۔ لاہور کی مقامی عدالت نے انچارج انویسٹی گیشن تھانہ ٹاؤن شپ کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

لیگی رہنما طلال چودھری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا جاوید لطیف کے خلاف مقدمہ پی ٹی آئی کے کونسلر کے کہنے پر درج کیا گیا۔

لیگی ایم این اے سے اظہار یکجہتی کیلئے آئے کارکنوں نے عدالت کے باہر نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑک کو بلاک کر دیا جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔