Sunday, May 12, 2024

ریاست مخالف بیانات ، جاوید لطیف ضمانت منسوخ ہونے کے بعد گرفتار

ریاست مخالف بیانات ، جاوید لطیف ضمانت منسوخ ہونے کے بعد گرفتار
April 27, 2021

لاہور (92 نیوز) ریاست مخالف بیانات کے مقدمہ میں ن لیگی رہنماء جاوید لطیف کو ضمانت منسوخ ہونے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔

اشتعال انگیز تقریر لیگی ایم این اے کو مہنگی پڑ گئی۔ لاہور کی سیشن عدالت میں جاوید لطیف کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تو لیگی رہنما پہلے ہی عدالت سے چلتے بنے۔ عدالت نے ریاست مخالف بیانات کے مقدمہ میں درخواست ضمانت مسترد کی تو سی آئی  اے پولیس نے سگیاں پل سے گرفتار کر لیا۔

دوران سماعت جاوید لطیف کے وکیل نے دلائل دیے کہ  مریم نواز کو قتل کرنے کے لیے ایک سازش تیار کی گئی تھی جس پر لیگی ایم این اے نے یہ بات کی پولیس کے پاس  ان معاملات پر ایف آئی آر درج کرانے کا اختیار نہیں ہے۔

سرکاری وکیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا جاوید لطیف کا بیان ملک سے بغاوت ہے جس پر ہر پاکستانی کا دل دکھا ہے۔ کسی سیاسی جماعت کو ریاست مخالف بیان بازی کا حق نہیں ہے۔ ملزم کو سزا دلوانے تک کیس لڑتے رہیں گے۔

گزشتہ سماعت پر جاوید لطیف عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔ ان کے وکیل کی جانب سے کورونا مثبت کی رپورٹ جمع کروائی گئی۔