Monday, May 6, 2024

ریئر ایڈمرل محمد فیاض جیلانی پاک بحریہ کے کمانڈر کوسٹ تعینات

ریئر ایڈمرل محمد فیاض جیلانی پاک بحریہ کے کمانڈر کوسٹ تعینات
January 4, 2019
کراچی (92 نیوز) ریئر ایڈمرل فیاض جیلانی نے بحیثیت سربراہ پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ تبدیلی کمان کی پر وقار تقریب کا انعقاد آج پی این ایس قاسم میں کیا گیا۔ سبکدوش ہونے والے کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل رمعظم الیاس نے ذمہ داریاں منتخب کمانڈر کوسٹ کے سپر د کیں۔ کمانڈر کوسٹ کے عہدے پر فائز ہونے کے سبب وہ اب پاک بحریہ کی ساحلی پٹی اور کریک ایریاز میں واقع تمام تنصیبات اور یونٹس کے نگران اعلیٰ ہوں گے۔ رئیر ایڈمرل جیلانی پاک بحریہ کے اسپیشل سروسز گروپ اور پاک میرینز کی بھی سربراہی کریں گے۔ رئیر ایڈمرل فیاض جیلانی نے 1984 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ ایک شاندار کیریئر کے حامل ہیں جس کے دوران انہوں نے مختلف اہم کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر خدمات سرانجام دیں۔ ان کی اہم کمانڈ تعیناتیوں میں کمانڈنگ افسر پی این ایس پشین اور پی این ایس معاون کے عہدے شامل ہیں۔ ان کی اہم اسٹاف اپائنٹمنٹس میں چیف اسٹاف آفیسر آف کمانڈر پاکستان فلیٹ، نیول سیکریٹری، ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف (پراجیکٹس)، ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف(پرسنل)، ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف (آپریشنز) اور ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف(ٹریننگ اور ایویلیوایشن ) کے عہدے شامل ہیں۔ ریئر ایڈمرل فیاض جیلانی امریکہ میں بحیثیت نیول اتاشی بھی تعینات رہ چکے ہیں۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔ رئیر ایڈمرل فیاض جیلانی نے کرین فیلڈ یونیورسٹی برطانیہ سے ملٹری آپریشنل ریسرچ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں ریئر ایڈمرل فیاض جیلانی کو حکومت پاکستان نے ہلال امتیاز (ملٹری)  سے نوازا۔ تبدیلی کمانڈ کی تقریب کے دوران ریئر ایڈمرل فیاض جیلانی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور کوسٹل کمانڈ کے ماتحت یونٹس کے کمانڈنگ افسروں سے ان کا تعارف کرایا گیا۔ تقریب میں پاک بحریہ کے افسروں اور سیلرز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔