Monday, September 16, 2024

ری پبلکن امیدواروں میں کبھی ٹرمپ جیسا نااہل نہیں دیکھا : اوباما

ری پبلکن امیدواروں میں کبھی ٹرمپ جیسا نااہل نہیں دیکھا : اوباما
August 3, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) ری پبلکن پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ مسائل میں گھرتے جا رہے ہیں۔ امریکی صدر باراک اوباما نے ایک بار پھر ٹرمپ پر تنقید کے نشتر چلا دیے۔ بولے ٹرمپ امریکی صدارت کے اہل ہی نہیں۔ فرانسیسی صدر نے بھی ٹرمپ پر ہاتھ صاف کیے اور کہا ٹرمپ کے بیانات مریضانہ ہیں۔ ادھر ری پبلکن رکن کانگرس رچرڈ ہانا نے ہیلری کلنٹن کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق خضر خان فیملی پر تنقید ڈونلڈ ٹرمپ کے گلے کی ہڈی بن گئی ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ ایک وقت آتا ہے جب کہنا پڑتا ہے کہ بس بہت ہو گیا۔ ٹرمپ امریکی صدارت کے عہدے کے لیے نااہل ہیں اور وہ اپنے بیانات سے یہ بات مسلسل ثابت بھی کر رہے ہیں۔ معلوم نہیں کہ ری پبلکن پارٹی اب تک اس ارب پتی کی حمایت کیوں کر رہی ہے۔ ری پبلکن پارٹی ٹرمپ کی نامزدگی پر نظرثانی کرے۔ امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو عالمی سطح پر بھی تنقید کا سامنا ہے۔ فرانسیسی صدر فرانسو اولاند کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے بیانات مریضانہ ہیں۔ ان کے بیانات نے امریکا میں جمہوریت کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔ کیا اب بھی امریکی عوام کو ڈونلڈ ٹرمپ کا انتخاب کرنا چاہئے تاہم یہ نتائج سے پتہ چلے گا کیونکہ امریکی عام انتخابات گلوبل الیکشن کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے اپنے بھی ان کو چھوڑتے جا رہے ہیں۔ نیویارک سے تعلق رکھنے والے ری پبلکن پارٹی کے رکن کانگرس رچرڈ ہانا نے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹ امیدوار ہیلری کلنٹن کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ کہتے ہیں خضر خان فیملی کے بارے میں ٹرمپ کا بیان ان کے لیے فیصلہ ساز ثابت ہوا۔ ٹرمپ ری پبلکن پارٹی اور امریکی قیادت کے لیے کسی طور موزوں نہیں ہیں۔ رچرڈ ہانا ری پبلکن پارٹی کے پہلے رکن کانگرس ہیں جنہوں نے ہیلری کلنٹن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔