Friday, May 17, 2024

رہنماء پیپلزپارٹی خورشید شاہ کا پی ڈی ایم میں واپسی کا عندیہ

رہنماء پیپلزپارٹی خورشید شاہ کا پی ڈی ایم میں واپسی کا عندیہ
November 8, 2021 ویب ڈیسک

سکھر (92 نیوز) رہنماء پیپلزپارٹی خورشید شاہ نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں واپسی کا عندیہ دیدیا۔

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا سیاست میں سب کچھ ممکن ہے، تمام جماعتوں سے رابطے میں ہیں، سب نے عزت بخشی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو معیشت کا ہی پتا نہیں، مہنگائی سب سے اہم مسئلہ ہے، معلوم نہیں 120 ارب روپے عوام کو ملیں گے یا نہیں، ان کے جانے کے بعد بڑے اسکینڈلز کھلیں گے۔

رہنماء پیپلزپارٹی بولے کہ وزیر اعظم نے ظلم شروع کیا ہوا ہے، بجلی کی قیمت 29 روپے فی یونٹ تک چلی گئی، 65 روپے والا پٹرول 150 روپے تک پہنچ گیا۔ ڈالر پونے 200 تک جا سکتا ہے۔ غریب کو ہی آٹے دال کے بھاؤ کا پتا ہے۔ ان کو صادق و امین قرار دینے والوں کی بھی تحقیقات ہونی چاہئے۔

اس سے قبل آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور فرزند زیرک شاہ احتساب عدالت پہنچے۔