Friday, May 17, 2024

رہبر کمیٹی کا اجلاس ، تین کمیٹیاں اور ان کے کوآرڈینیٹر بنانے کا فیصلہ

رہبر کمیٹی کا اجلاس ، تین کمیٹیاں اور ان کے کوآرڈینیٹر بنانے کا فیصلہ
September 23, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) اے پی سی کے فیصلوں پر عمل کیلئے رہبر کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں تین کمیٹیاں اور ان کے کوآرڈینیٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹیاں تحریک عدم اعتماد، استعفوں، متفقہ لائحہ عمل اور احتجاج کے ٹی او آرز طے کریں گی۔ رہبر کمیٹی کا اجلاس کنوینئر اکرم درانی کی زیر صدارت ان کی رہائشگاہ پر ہوا۔ اجلاس میں ن لیگ، پیپلز پارٹی، اے این پی سمیت 11 اپوزیشن جماعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران اکرم درانی کا کہنا تھا کہ اے پی سی کے حکومت مخالف اتحاد بعد پی ڈی ایم بن چکا ہے۔ قیادت جلد بنیادی ڈھانچے کی تشکیل دے تاکہ کام شروع کیا جا سکے۔ اکرم درانی کا ایک سوال پر کہنا تھا کہ رہبر کمیٹی کے مستقبل کا فیصلہ اپوزیشن قیادت کرے گی۔ اے پی سی کے بعد حکومت بنانے اور سہولت کاروں میں ہلچل مچ چکی ہے۔ بیچارہ وزیراعظم کیسے حکومت چلا رہا ہے سب کو علم ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کا نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ جے یو آئی مشاورت سے کرے گی۔ اے این پی کے میاں افتخار کا کہنا تھا کہ 2010ء سے دھمکیاں مل رہی ہیں۔ ایک بیٹا اور دو جوان شہید ہو چکے ہیں مگر اپنے نظریات پر سمجھوتہ نہیں کرونگا۔