Friday, April 26, 2024

رکاوٹوں اور مخالفت کے باوجود پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ مکمل کیا جائیگا: چینی سفیر سن وی ڈونگ

رکاوٹوں اور مخالفت کے باوجود پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ مکمل کیا جائیگا: چینی سفیر سن وی ڈونگ
December 3, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) چین کے سفیر سن وی ڈونگ کا کہنا ہے کہ رکاوٹوں اور مخالفت کی پرواہ کئے بغیر پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو مکمل کیا جائے گا۔ بعض اپوزیشن جماعتوں کے تحفظات پر چینی سفیرسن وی ڈونگ نے پارلیمانی کمیٹی برائے پاک چین اقتصادی راہداری کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے یہ کمٹمنٹ ہے کہ کسی بھی قسم کی رکاوٹوں اور مخالفت کی پروا کئے بغیر اسے مکمل کرنا ہے۔ چینی کمپنیوں کی جانب سے  تمام پیسہ سرمایہ کاری کی صورت میں لگایا جائے گا۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ ترجیحی روٹ مغربی راہداری ہے جس پر پاکستان کی تمام جماعتوں نے اتفاق کیا اور چین اس کی قدر کرتا ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ کی خواہش ہے کہ ان کے دور میں زیادہ سے زیادہ اس پر کام مکمل ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی سیکیورٹی کے لئے پاک فوج کی جانب سے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ منصوبے پر کام کی رفتار تیز ہو تاکہ پہلا مرحلہ طے شدہ وقت میں مکمل ہو جائے۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ سی پیک خطے کے لئے عملی طور پر گیم چینجر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے بہت سے پلیئرز چاہتے ہیں کہ یہ منصوبہ مکمل نہ ہو مگر پاکستان اور چین اور اس کے عوام ہر حال میں اسے مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔