Friday, April 26, 2024

روہڑی میں عاشور کا جلوس شہداء قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر

روہڑی میں عاشور کا جلوس شہداء قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر
September 10, 2019
روہڑی ( 92 نیوز) روہڑی میں محرم الحرام کا تاریخی نو ڈھالہ ماتمی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا شہداء قبرستان میں اختتام پذیر ہوگیا،3 روزہ جلوس9محرم کی صبح شمع گل کر کے امام بارگاہ شاہ عراق سے برآمد کیا گیا، ہزاروں عزداران نے شرکت کرکے نو ڈھالہ تعزیئے کی زیارت کی اور کندھا دیا۔ روہڑی میں سیکڑوں سالہ قدیم نو ڈھالہ تعزیئے کا ماتمی جلوس9محرم کی صبح 4 بجے امام بارگاہ شاہ عراق سے برآمد ہوا اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا پہلے پڑاؤ منڈو کھبڑ پر پہنچا جہاں جلوس کے شرکاء نے کچھ گھنٹے قیام کیا۔ دوسرے مرحلے میں9ڈھالہ تعزیہ روہڑی کی تنگ و تاریک گلیوں شاہی بازار، بال. مبارک اور ڈھک بازار سے ہوتا ہوا میدان میں ایک رات قیام پذیر ہوا،جلوس میں ہزاروں عزادارن نے شرکت کرکے تعزیئے کی زیارت کی اور کندھا دیا۔ جلوس نماز ظہر کے بعد دوبارہ برآمد ہوکر روایتی راستوں پر گامزن ہوا،روہڑی کی گلیاں، شاہراہیں اور چوراہے یا حسینؑ کی صداؤں سے گونجتے رہے،جلوس جی ٹی روڈ اور اسٹیشن روڈ سے ہوتا ہوا شہداء قبرستان میں اختتام پذیر ہوگیا۔ عزاداری جلوس میں علم اور ذوالجناح بھی موجود تھے،جلوس کی گزرگاہوں پر عزاداران حسین ؓکے لئے شربت و پانی کی سبیلوں سمیت لنگر حسینی کا بھی خصوصی طور پر اہتمام کیا گیا۔ نو ڈھالہ جلوس کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، دو ہزار چار سو پولیس اہلکار، 500رینجرز کے جوان ڈیوٹی کے فرائض انجام دیتے رہے، سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں کے ذریعے بھی مانیٹرنگ کی جاتی رہی۔