Sunday, May 12, 2024

روہڑی میں 500سالہ قدیمی جلوس اختتام پذیرہوگیا

روہڑی میں 500سالہ قدیمی جلوس اختتام پذیرہوگیا
August 30, 2020

روہڑی ( 92 نیوز) روہڑی میں 8 اور 9 محرم کی درمیانی شب امام بارگاہ شاہ عراق روہڑی سے برآمد ہونے والا 500سالہ قدیمی جلوس شہداء قبرستان پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا، قدیمی تعزیئے کو ہزاروں عزاداران نے کندھا دیا ۔

یوم عاشور پر سکھر میں 44 چھوٹے بڑے ماتمی جلوس نکالے گئے، مرکزی جلوس انجمن امامیہ امام بارگاہ غریب آباد سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے، جلوس میں مرکزی تعزیئے سمیت الم پاک، ذوالجناح اور خصوصی طور پر گھاس سے بنایا گیا تعزیئہ بھی شامل ہے۔

جلوس میں عزاداران کی بڑی تعداد شریک ہے، عزاداران حسین کی جانب سے زنجیر زنی، سینہ کوبی اور نوحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے، جلوس سے متصل راستوں پر عقیدت مندوں کی جانب سے دودھ، شربت، چائے، پانی کی سبیلیں جبکہ جگہ جگہ لنگر حسینی کا بھی اہتمام کیا گیا۔

دوسری جانب 8 اور 9 محرم کی درمیانی شب امام بارگاہ شاہ عراق روہڑی سے برآمد کیا جانے والا 500سالہ قدیمی نو ڈھالہ تعزیہ جلوس شہداء قبرستان پر جاکر ختم ہوگیا۔

یوم عاشور کا مرکزی جلوس اہنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا رات دیر گئے امام بارگاہ انجمن امامیہ پر ختم ہوگا، پولیس کی جانب سے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے  ہیں۔