Friday, April 19, 2024

روہنگیا مسلمانوں کی نمائندگی کے لیے امل کلونی وکیل مقرر

روہنگیا مسلمانوں کی نمائندگی کے لیے امل کلونی وکیل مقرر
February 28, 2020
مالی (92 نیوز) مالدیپ نے اقوامِ متحدہ میں روہنگیا مسلمانوں کی نمائندگی کے لیے انسانی حقوق کی ممتاز وکیل امل کلونی کو وکیل مقرر کیا ہے۔ 2017 میں میانمر کی فوج نے روہنگیا مسلمانوں کی بڑے پیمانے پر نسل کشی کی تھی۔ اس آپریشن کی وجہ سے 7 لاکھ 50 ہزار روہنگیا مسلمانوں کو پڑوسی ملک بنگلہ دیش ہجرت کرنا پڑی تھی۔ عالمی عدالت میں مالدیپ کی جانب سے مقرر کی جانے والی وکیل امل کلونی کا کہنا ہے کہ میانمار میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جوابدہی کا معاملہ طویل عرصے سے زیر التوا ہے اور وہ روہنگیا مسلمانوں کو انصاف دلانے کی کوشش کریں گی۔ لبنان میں پیدا ہونے والی 42 سالہ امل کلونی اس سے قبل بھی کئی معروف مقدمات کی وکالت کر چکی ہیں جن میں یوکرائن کے وزیراعظم یولیا تموشنکو اور وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کے مقدمات بھی شامل ہیں۔ امل کلونی مالدیپ کے سابق صدر محمد نشید کے کیس کی نمائندگی بھی کر چکی ہیں جس میں اقوام متحدہ نے محمد نشید کے خلاف 13 برس قید کی سزا کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ امل بیروت میں پیدا ہوئیں اور اس کے بعد ان کے والدین انگلینڈ منتقل ہوگئے۔ وہ بیرسٹر ہیں اور انٹرنیشنل لاء اور انسانی حقوق کی ماہر ہیں۔ ان کی شادی ہالی وڈ کے معروف اداکار جارج کلونی سے 2014 میں ہوئی تھی۔